• آئی سی سی آئی کے وفد کی وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سے ان کے دفترمیں ملاقات

اسلام آباد (ویب نیوز)

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے کہا کہ معیشت کو بہتر بنانے کے لیے صنعت کاری کو فروغ دینا حکومت کی اہم ترجیح ہے اور انہوں نے یقین دلایا کہ وہ خطے میں ایک نئے انڈسٹریل پارک کے قیام کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

سید مرتضیٰ محمود نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے بعد وہ چوہدری سالک حسین وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مل کر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے تاکہ انڈسٹریل پارک کے معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کو ان کی وزارت کے ماتحت محکموں کے بورڈز میں نمائندگی دی جائے گی اور اس سلسلے میں چیمبر اپنے نامزد افراد لی لسٹ ان کو فراہم کرے۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کی طرف سے پاکستان ایتھوپیا بزنس فورم منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ چیمبر اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے خارجہ امور بلاول بھٹو زرداری کو فورم میںمدعو کرنے کے لیے باضابطہ دعوت نامہ بھیجوائیں جب کہ وہ بھی اس سلسلے میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ایک نئی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تاجر برادری کے اہم مسائل کے حل میں چیمبر کے ساتھ تعاون کریں گے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود کو خطے میں ایک نئے انڈسٹریل پارک کے قیام کی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی جس سے صنعت کاری کو فروغ ملے گا، روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات بہتر ہوں گی اور ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہو گا لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت بہترین قومی مفاد میں اس اہم منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنانے کے لیے چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کو وزارت صنعت کے ما تحت محکموں کے بورڈز میں نمائندگی دی جائے تاکہ تاجر برادری ان محکموں کی فیصلہ سازی کے عمل میں اپنی رائے دے سکے جس سے صنعتی شعبے کو بہتر ترقی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کے نائب وزیر اعظم کی قیادت میں ایتھوپیا کا ایک تجارتی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا اور چیمبر اس موقع پر ایک پاکستان ایتھوپیا بزنس فورم منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے لہذا انہوں نے وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار اور وفاقی وزیر خارجہ کو فورم میں شرکت کی دعوت دی ۔ انہوں نے اس موقع پر وفاقی وزیر صنعت کو تاجر برادری کے اہم مسائل سے بھی آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے ان سے تعاون طلب کیا۔

چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے وزیر صنعت کو ایل سی پر پابندیوں کی وجہ سے کوکنگ آئل شعبے کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ ان کو حل کرنے میں تعاون کریں۔
یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور فیضان شہزاد نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ملک میں صنعت کاری کو فروغ دینے کے لیے مفید تجاویز دیں۔