ڈی جی آئی ایس آئی نے حکمت یار سے بھی ملاقات کی، افغان میڈیا
ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور جامع حکومت سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا گیا
کابل(ویب نیوز)افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دورہ کابل کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدنے حزب اسلامی کے بانی و سربراہ گلبدین حکمت یار سے بھی ملاقات کی ۔افغان میڈیا کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور گل بدین حکمت یار کے درمیان ملاقات میںافغانستان کی موجودہ صورت حال اور افغان جامع حکومت سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طالبان شوری کی دعوت پر قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔اس دوران ڈی جی آئی ایس آئی کی طالبان رہنماوں سے پاک افغان اقتصادی و تجارتی تعلقات، سیکیورٹی و سرحدی صورتِ حال پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔طالبان رہنماوں اور سربراہ آئی ایس آئی نے ہوائی اڈوں کی تعمیرِ نو، ڈیورنڈ لائن پر افغان پناہ گزینوں کی حالتِ زار پر بھی گفتگو کی جبکہ دہشت گرد تنظیموں کو صورتِ حال کا فائدہ نہ اٹھانے دینے پر اتفاق بھی کیا۔اس موقع پر طالبان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پاکستان قابلِ بھروسہ دوست ملک ہے، قیام امن کے لیے اس کا تعاون چاہیئے۔لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا کہنا تھا کہ پریشان نہ ہوں سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔