سیدعلی گیلانی کاجنازہ اسلامی روایات کے مطابق اداہوناچاہیے۔ پاکستان
سیدعلی گیلانی کی میت کوسرینگر میں مزارشہدا میں دفنانے کی اجازت دی جائے
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم کا نیویارک میں  خطاب

نیویارک( کے پی آئی)پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اوراقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دیگراداروں پر زور دیاہے کہ وہ بھارت سے مطالبہ کریںکہ وہ گزشتہ ہفتے بھارتی حراست کے دوران وفا ت پاجانے والے ممتازکشمیری رہنماسیدعلی گیلانی کی میت کوسرینگر میںشہدا کے قبرستان میں دفنانے کی اجازت دے جو خودان کی اوران کے اہلخانہ کی خواہش تھی۔کے پی آئی کے مطابق    اعلی سطح کے ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان  کے مستقل مندوب منیراکرم نے یہ بھی مطالبہ کیاکہ سیدعلی گیلانی کاجنازہ اسلامی روایات کے مطابق اداہوناچاہیے اورمقبوضہ وادی میں نافذکرفیواٹھایاجائے تاکہ ان کے اہلخانہ،رشتہ داراوران کے عقیدت مندان کی آخری رسومات میں شرکت کرسکیں۔پاکستانی سفیرنے کہاکہ بھارتی بربریت کی تازہ ترین مثال سیدعلی گیلانی کی میت کے ساتھ کیاجانیوالا سلوک ہے جب بھارتی قابض افواج کابھاری دستہ علی گیلانی کے گھرمیں داخل ہوا اور زبردستی ان کی میت چھین کرانہیں قبرستانِ شہدا کے بجائے اپنی مرضی کے مقام پردفنادیا۔منیراکرم نے کہاکہ سیدعلی گیلانی کے اہلخانہ کوان کی وصیت کے مطابق ان کی میت پاکستانی پرچم میں لپیٹنے پرمقدمات میں ملوث کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ یہ کارروائی بھارت کے ہندوبالادستی پرمبنی نظریے کے تحت کشمیرکونوآبادی بنانے کے بزدلانہ اورمجرمانہ رویے کی عکاس ہے۔
#/S