کراچی (ویب ڈیسک)

کراچی میں بارش کے بعد کہیں پانی جمع تو کہیں نالے ابل پڑے،بجلی معطل ہو کر رہ گئی،شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات گئے تک بادل برسنے کے بعد  مختلف سڑکیں زیر آب آگئیں۔ گلیاں اور محلے بھی تالاب کو منظر پیش کرنے لگے۔ ٹاور سے ایم اے جناح روڈ جانیوالی سڑک پر پانی جمع ہوگیا۔واٹر پمپ سے گلبرگ چورنگی جانے والی سڑک زیر آب آگئی،لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نالا ابل پڑنے سے پانی سڑک پر آگیا۔ لیاقت آباد دس نمبر کی سڑک پر پانی موجود ہے۔نیپا چورنگی گلشن اقبال سے پانی نکال لیا گیا اور سفاری پارک کے اطراف سڑکوں سے پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔دوسری جانب شہر  کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سے بجلی غائب ہے۔ ملیر ،لانڈھی ،شاہ فیصل کالونی، شاہراہ فیصل جمشید روڈ اور عزیز آباد میں بجلی معطل رہی۔لیاقت آباد ،عائشہ منزل ، گلستان جوہر اورگلشن اقبال میں بھی بجلی بند رہی۔  کے الیکٹرک نے کہا کہ بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی ٹائون میں سب سے زیادہ  58ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نارتھ کراچی میں 51ملی میٹر،اورنگی ٹاون میں 37ملی میٹر، ناظم آبادمیں 32ملی میٹر،مسروربیس پر17ملی میٹر بارش ہوئی۔ کراچی میں بارش کے بعد موسم تو خوشگوار  ہو گیا لیکن بجلی بندش اور سڑکوں پر جمع پانی سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ دفاتر جانے والے افراد اور اسکول جانے والے بچوں کو سڑکوں پر جمع پانی کے باعث منزل پر پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔