کراچی: گرین لائن پراجیکٹ پر کام مکمل ہوچکا، بسیں اگلے ہفتے تک پہنچ جائیں گی۔ اسد عمر
کراچی میں صفائی کیلئے مربوط نظام لا رہے ہیں، محمودآباد نالے پر آپریشن 100 فیصد مکمل ہوچکاہے۔وفاقی وزیر
سرکلر ریلوے 27 ارب روپے کا منصوبہ ہے، 30 ستمبر کو اس منصوبے کی گرانڈ بریکنگ تقریب کردی جائے گی
کراچی( ویب نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ونیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے کراچی میں پانچ منصوبے جاری ہیں، گرین لائن پراجیکٹ پر کام مکمل ہوچکا، بسیں اگلے ہفتے تک پہنچ جائیں گی، کراچی سرکلر ریلوے 43 کلومیٹر پر محیط ہوگا۔وفاقی وزیر اسد عمر نے علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن شہر قائد کیلئے پہلا جدید ٹرانسپورٹ کا
منصوبہ ہے، گرین لائن منصوبہ مکمل ہوچکا ہے، بسیں آ رہی ہیں، 22 گرین لائن بس اسٹیشن مکمل ہوگئے، کراچی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی بنایا جا رہا ہے، کراچی کی بی آر ٹی کیلئے مربوط نظام تشکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں صفائی کیلئے مربوط نظام لا رہے ہیں، محمودآباد نالے پر آپریشن 100 فیصد مکمل ہوچکا، کراچی میں 60 کلو میٹر نئی سڑکیں بنا رہے ہیں، کراچی کے نالوں سے 11 لاکھ ٹن کچرا اٹھایا جائے گا، بلاول نے ٹھیک کہا تھا کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے، جب حکومت موثرکام کرے گی تو زیادہ پانی بھی گزر جاتا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ کراچی میں 55 سے 60 کلومیٹر سڑکیں بنائی جائیں گی۔کراچی سرکلر ریلوے بھی اہم منصوبہ ہے، مختلف حکومتوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہیں چل سکتا، یہ منصوبہ 43 کلو میٹر پر محیط ہے، 22 اسٹیشنز اس منصوبے پر بنائے جائیں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے مزید کہا ہے کہ 10 لاکھ اس منصوبے سے فائدہ اٹھائیں گے، کراچی سرکلر ریلوے 27 ارب روپے کا منصوبہ ہے، 30 ستمبر کو اس منصوبے کی گرانڈ بریکنگ تقریب کردی جائے گی، اس منصوبے میں 6 ارب سندھ حکومت دے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل برآمدات سے جڑا ہوا ہے، پاکستان کی 50 فیصد برآمدات کراچی سے ہو رہی ہیں، حکومت آتے ہی وزیراعظم نے کہا بڑے کام کرنے ہیں، کابینہ کے کچھ اراکین کا کہنا تھا کراچی پر ہی اتنی توجہ کیوں دی جا رہی ہے، وزیراعظم کراچی کے سب سے بڑے چیمپئین ہیں۔