آزادکشمیر بینک کا مستقبل روشن ہے،بینک کی متحرک اور پر اعتماد قیادت نے اہداف سے بڑھ کر کامیابیاں حاصل کیں، صدر آزاد کشمیر
کشمیر بینک جلد کامیاب ترین بینکوں کی صٖف میں شامل ہو گا، ہر کوئی آگے بڑھ کر قومی بینک کے ساتھ بھر پور تعاون کرے، بیرسٹر سلطان محمود
انتھک محنت اور جدوجہد سے منافع، اثاثہ جات، ڈیپازٹس سمیت دیگر شعبوں میں شاندار اضافہ کیا، صدر بینک خاور سعید کی بریفنگ

مظفر آباد(ویب نیوز  )آزاد ریاست جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوھدری نے کہا ہے کہ بینک آف آزاد جموں وکشمیر کا مستقبل روشن ہے اور اس پر عوام کا مکمل اعتماد ہے۔ بینک قیادت کے متحرک اور پر اعتماد ہونے کی وجہ سے اہداف سے بڑھ کر کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ روز یہاں صدر ریاست سے بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے ملاقات کی اور انہیں سربراہ ریاست بننے پر مبارکباد پیش کی۔ اس دوران صدر بینک نے صدر ریاست کو آزادکشمیر کے واحد مالیاتی ادارے کے فنانشل نتائج پر بریفنگ دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بینک کو حکومت اور معزز صارفین کی سرپرستی اور تعاون سے صف اول کا مالیاتی ادارہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بینک نے صرف گزشتہ ڈیڑھ سال کی انتھک محنت اور جدوجہد سے منافع، اثاثہ جات، ڈیپازٹس سمیت دیگر شعبوں میں شاندار اضافہ کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیرہمارا قومی بینک ہے۔ ریاست میں معاشی سرگرمیوں کا آغازہو چکا ہے۔ یہاں ہر ایک شعبہ ہائے زندگی میں تیز رفتار ترقی ہونے والی ہے۔ جس سے معاشی سرمایہ کاری اور تجارت میں ا ضافہ ہو گا۔ اس سب میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کا کلیدی اور اہم کردار ہو گا۔ صدر ریاست کا کہنا تھا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر جلد کامیاب ترین بینکوں کی صٖف میں شامل ہو گا۔ صارفین کو آگے بڑھ کر اپنے قومی بینک کے ساتھ بھر پور تعاون کرنا چاہیئے۔