فارن سروس اکیڈمی کے زیر تربیت سفراء کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ
سفراء ٹریڈ ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان کے اقتصادی مفادات کو فروغ دینے پر توجہ دیں۔ سردار یاسر الیاس خان
زیر تربیت افسران کو چیمبرمیں لانے کا مقصد ان کی استعداد کار کو بہتر کرنا ہے۔ محمد واصف
اسلام آباد ( ویب نیوز ) فارن سروس آف پاکستان کے فارن سروس اکیڈمی میں زیر تربیت آفیسروں کے 21رکنی ایک وفد نے اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروگرام محمد واصف کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجوں اور مواقعوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ زیر تربیت آفیسروں نے آگے جا کر مختلف ممالک میں پاکستان کیلئے سفارتی خدمات سرانجام دینی ہیں لہذا وہ اس دوران ٹریڈ ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان کے کاروباری و اقتصادی مفادات کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دیں جس سے ہماری معیشت بہتر ہو گی
۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور معاشی میدان میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا دور ہے لہذا فارن سروس کے زیر تربیت آفیسران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بیرون ممالک سفارتی خدمات انجام دیتے وقت پاکستان کی تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا فارن سروس کے زیر تربیت افسران کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے کاروبار، جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں اپنے آپ کو پوری طرح باخبر رکھیں تا کہ اپنی پیشہ وارانہ خدمات کے دوران وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں فعال کردار اد ا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں کے پاس پاکستانی مصنوعات کے بارے میں تازہ ترین بروشرز اور معلومات ہر وقت دستیاب ہونی چاہیے جو ہماری برآمدات کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے سفارتخانے غیر ممالک میں پاکستان کے نجی شعبے کیلئے پائے جانے والے کاروبار اور برآمدات کے مواقعوں کے بارے میں معلومات آئی سی سی آئی سمیت پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ شیئر کیا کریں تا کہ ہماری تاجر برادری ممکنہ مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر وفد کے اراکین کو چیمبر کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی کہ کس طرح چیمبر بزنس کمیونٹی کے مفادات کو فروغ دینے کیلئے اپنی کاوشیں کرتا رہتا ہے۔
فارن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروگرام محمد واصف نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیمبر کی ورکنگ اور معیشت کو درپیش چیلنجوں و مواقعوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ فراہم کرنے پر چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فارن سروس آف پاکستان کے 21آفسران کا ایک گروپ اس وقت فارن سروس اکیڈمی میں اکتالیسویں اسپشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس میں زیر تربیت ہے اور ان کو چیمبر میں لانے کا مقصد تاجربرادری کے ساتھ ملاقات کر کے کاروبار اور معاشی امور کے بارے میں ان کی معلومات میں اضافہ کرنا اور انکی استعداد کار کو مزید بہتر کرنا ہے۔
آخر میں زیر تربیت افسران نے چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور ان کے ٹیم سے مختلف سوالات کئے جن کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے۔