اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معیشت سے متعلق آئوٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے باوجود پاکستان میں معاشی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں، نجی سرمایہ کاری کو تحفظ کی فراہمی سے کاروباری سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، بہتر پالیسیوں کے باعث مینوفیکچرنگ کے شعبے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔آئوٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی پیکج اور بہتر پالیسیوں کے باعث پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، اس لئے رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو 4فیصد تک رہنے کی توقع ہے، صنعت، تعمیرات اور مینوفیکچررنگ کے شعبوں سمیت زرعی شعبے کی بھی نمایاں بہتری کا امکان ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح بڑھنے کا امکان ہے، گندم، چینی اور اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا باعث بن سکتا ہے۔