اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا بلوچستان کا دورہ
چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی اور آئی جی فرنٹیئر کور(نارتھ) نے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی
باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے پاکستان ایران بارڈر پر نئے کراسنگ پوائنٹس کھولے جائیں گے
بلوچستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کریں گے۔سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد ( ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں بزنس کمیونٹی کے ایک وفد نے تربت، بلوچستان کا دورہ کیا تاکہ وہاں قائم ہونے والے اسپیشل اکنامک زون میں تاجر برادری کیلئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جائیں۔ وفد میں رئیل اسٹیٹ و کنسٹرکشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسوٹیکلز، سٹیل، شمسی توانائی، خوردنی تیل، ماربل و گرینائٹ اور فلور ملنگ سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان شامل تھے۔
آئی سی سی آئی کے وفد نے اس موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نصیر خان کاشانی اورفرنٹیئر کور (نارتھ) کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل احمد بلالسمیت دیگر حکام سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ بلوچستان میں نجی شعبے کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔وفد کو بتایا گیا کہ کچ کی ضلعی انتظامیہ اور نجی شعبہ ایک اسپیشل اکنامک زون قائم کر رہے ہیں جو کہ سی پیک اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سنگم پر واقع ہے۔ وفد کو بتایا گیا کہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں دو طرفہ سرحدی تجارت کو بہتر فروغ دینے کے لیے پاکستان اور ایران کی بارڈر پر نئے کراسنگ پوائنٹس کھولنے کا اعلان کیا ہے جس سے جنوبی بلوچستان میں سماجی و اقتصادی سرگرمیاں تیز ہوں گی جبکہ پروسیسنگ، پیکیجنگ اور مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کئے جائیں گے۔
مذکورہ خصوصی اقتصادی زون میں انرجی پارک، منرل اینڈ میٹریل پارک، میٹل پارک، فوڈ پارک اور ٹیکنالوجی پارک شامل ہیں۔ خصوصی اقتصادی زون اگلے 6 ماہ میں فعال ہونے کا امکان ہے جس سے علاقے میں خوشحالی اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے آئی سی سی آئی کے وفد کو بلوچستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دینے پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نصیر خان کاشانی اور فرنٹیئر کور (نارتھ) کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل احمد بلال کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو قدرتی وسائل سے مالامال ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اس میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دینے پر زیادہ توجہ دی جائے تاکہ ملک کی بہتر معاشی ترقی کے لیے اس کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لایا جا سکے جبکہ اس سے صوبے کے غریب عوام کا معیار زندگی بھی کافی بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تربت اور دیگر علاقوں میں ڈیری مصنوعات سمیت زیادہ تر مصنوعات ایران سے آرہی ہیں اس لیے پاکستان کی کاروباری برادری کے لئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ ان علاقوں کے عوام کو مسابقتی قیمتوں پر مقامی مصنوعات فراہم کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت تاجر برادری کو بلوچستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے لیے مزید بہتر ترغیبات اور سیکورٹی فراہم کرے تاکہ کاروبار اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہونے سے یہ صوبہ مزید ترقی اور خوشحالی حاصل کر سکے اور قومی معیشت میں مزید فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی بلوچستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے گا