بینک آف آزاد جموں و کشمیرکے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ششماہی حسابات کی منظوری دے دی،6ماہ میں 205ملین روپے آپریٹنگ منافع
ریاست کے واحد مالیاتی ادارے کے کل اثاثہ جات کی مالیت بڑھ کر 24.32ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
کل ڈیپازٹس بڑھ کر 17.79ارب روپے ہو گئے، ترسیلات زرمیں بھی تاریخی اضافہ، 2.103ارب روپے ہو گئے
یہ بینک کی بہت بڑی کامیابی ہے کہ اثاثہ جات گزشتہ ڈیڑھ سال کے عرصہ میں تقریباً دوگنے ہو گئے، صدر بینک خاور سعید
بینک کے بورڈ میں چیف سیکریٹری آزاد کشمیرکی قیادت میں سیکریٹری مالیات، ایس ایم بی آر، جنگلات اور انڈسٹریز کے سیکریٹریزحکومت اور دیگر بھی شامل
مظفرآباد( )آزاد ریاست جموں و کشمیر کا واحد مالیاتی ادارہ بینک آف آزاد جموں و کشمیرتیز رفتاری سے دن دوگنی اور رات چوگنی کامیابی کی منازل طے کرتے ہوئے ریاست کی معاشی اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بینک کے ششماہی حسابات کا جائزہ لینے کے بعد ان کی منظوری دے دی۔ بورڈ کی منظوری کے بعد جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق بینک نے سال2021کی پہلی ششماہی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ سازمنافع کمایا۔ڈیپازٹس،اثاثہ جات اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں قابل قدر اضافہ کیا گیا۔بینک نے گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی کامیابی کا سفر جاری رکھا اور سال کی پہلی ششماہی(30جون2021)میں 205ملین روپے آپریٹنگ منافع کمایا۔گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں بینک نے 168ملین روپے منافع کمایا تھا۔ رواں سال منافع میں اضافے کی شرح 22فیصد ریکارڈ کی گئی۔اس سے پہلے جون2019میں بینک کا منافع کم ہو کر12ملین روپے رہ گیا تھا۔ رواں سال کی پہلی ششماہی میں (30جون2021تک) بینک کے کل ڈیپازٹس بڑھ کر 17.79ارب روپے تک پہنچ گئے جوکہ بینک کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ ہیں۔سال 2020کی پہلی ششماہی میں بینک کے کل ڈیپازٹس 14.53ارب روپے تھے۔اسی طرح سال2021کی پہلی ششماہی میں (30جون تک) بینک کے ترسیلات زر(ہوم ریمیٹنسز) میں بھی اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 2.103ارب روپے ہو گئے جو گزشتہ سال کے دوران اس عرصہ میں 1.75ارب روپے تھے۔ ترسیلات زر میں اضافہ بینک کی ابتداء سے اب تک سب سے زیادہ ہے۔ سال2021 کے پہلے 6ماہ میں (30جون تک) بینک کے کل اثاثہ جات کی مالیت بڑھ کر 24.32ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جب کہ گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں بینک کے کل اثاثہ جات کی مالیت 16.37ارب روپے تھی۔دریں اثنا بینک کے صدر جناب خاور سعید کا کہنا ہے کہیہ بینک کی بہت بڑی کامیابی ہے کہ اس کے کل اثاثہ جات صرف گزشتہ ڈیڑھ سال کے عرصہ میں تقریباً دوگنے ہو گئے ہیں جب کہ بینک انتظامیہ حکومت کی سرپرستی میں بینک آف آزاد جموں وکشمیر کو کامیاب ترین بینکوں کے صف میں شامل کرنے کے لئے کامیابی کا سفرتیز کرنے اور اسے عظیم ترین ادارہ بنانے کے لئے کوشاں ہے۔