مظفرآباد (ویب نیوز)

بینک آف آزاد جموں و کشمیر سرکاری خزانے میںنصف ارب روپے سے زیادہ ٹیکس جمع کرانے کے بعد ریاست کا سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا ادارہ بن گیا ہے جب کہ بیرون ملک سے ترسیلات بڑھ کر 5.55ارب روپے کی بلند ترین سطح عبور کر گئے۔ گزشتہ روز صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے راولاکوٹ ریجن کے برانچ منیجرز اور ریجنل کنٹرولرکوتعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کی تقریب پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کا بینک پر اعتبار و اعتماد بڑھ چکا ہے۔ ریا(RIA)،منی گرام( Money Gram )اور ویسٹرن یونین(Western Union )کے ساتھ معاہدوں اور عملے کی محنت سے ترسیلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قرضہ جات کی ڈیڑھ درجن سے زیادہ پرکشش سکیموں کے تحت انتہائی آسان شرائط، مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ ریٹ پر صارفین کو تیز ترین پراسیسنگ سے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ بزنس پالیسی میںمثبت تبدیلیوں کے بعد منافع، ڈیپازٹس، اثاثہ جات، ترسیلات زر سمیت تمام بزنس اہداف عبور کئے جا رہے ہیں۔ گزشتہ تین سال کے عرصہ میں بینک کے آپریٹنگ منافع میں 619فیصد، اثاثہ جات میں 109فیصد اور ڈیپازٹس میں تقریباً80فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس موقع پر ڈویژنل ہیڈز کو بھی نقد انعامات دیئے گئے۔انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز، تاجر برادری سمیت آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات و نجی سیکٹربالخصوص دنیا بھر میں موجود اہل وطن کے اعتماد و تعاون کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں سینئر منیجمنٹ کی نمائیندگی کرتے ہوئے ڈویژنل ہیڈ جناب زمرد حسین نے کہا کہ صدر بینک کی ولولہ انگیز قیادت اور ان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ادارہ ریکارڈ بزنس نتائج حاصل کر رہا ہے۔تقریب میںڈویژنل ہیڈ جناب تاشفین گیلانی نے شاندار بزنس نتائج کا ایک جائزہ پیش کیا۔ شرکاء نے تالیوں کی گونج میں صدر /سی ای او  خاور سعید کی لیڈرشپ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں شیلڈ اور سوینئرز پیش کیں۔