آئی سی سی آئی کے صدر نے آئی ٹین مرکز میں بینک آف خیبر کی راست اسلامک بینکنگ برانچ کا افتتاح کیا
اسلامی بینکاری پر خصوصی توجہ دے کر کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
بینک آف خیبر صوبائی و قومی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ محمد علی گلفراز

اسلام آباد ( ویب نیوز  ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کہا کہ اسلامی بینکاری پر خصوصی توجہ دے کر کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ کیا جا سکتا ہے کیونکہ تاجر برادری سمیت پاکستانی قوم کو اسلامی بینکاری کو پسند کرتی ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسلامی بینکاری کی بہتر ترقی کیلئے جامع پالیسی اقدامات اٹھائے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اسلامی بینکاری برانچوں کے نیٹ ورک کو فروغ دے کر کاروبار کو وسعت دینے میں سہولت ہو گی جبکہ صنعتی شعبہ بھی اسلامی بینکاری کے ذریعے نئی مشینری و پلانٹس کی خریداری کر کے صنعتوں کو اپ گریڈ کرنے میں سہولت محسوس کرے گا اور ملک میں نئی سرمایہ کاری بھی بہتر فروغ پائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی آئی ٹین مرکز اسلام آباد میں بینک آف خیبرکی راست اسلامک بینکنگ برانچ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔


سردار یاسر الیاس خان نے وفاقی دارالحکومت کے ایک اہم تجارتی مرکز میں اسلامی بینکنگ برانچ کھولنے پر بینک آف خیبر کی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ برانچ تاجر برادری کو اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے اور نئی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مصنوعات فراہم کرے گی۔ انہوں نے بینک کی مسلسل کامیابی کو آگے بڑھانے کے لیے بینک آف خیبر کی قیادت کی بھی تعریف کی اور مستقبل میں ان کی مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بینک آف خیبر کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد علی گلفراز نے راست اسلامک بینکنگ برانچ کا افتتاح کرنے پر چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بینک آف خیبر 1991 میں صوبائی قانون ساز اسمبلی سے منظور کردہ ایک ایکٹ کے ذریعے قائم کیا گیا تھا اور اسے ستمبر 1994 میں شیڈو ل بینک کا درجہ دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بینک آف خیبر طویل عرصے سے کاروباری اور تجارتی حلقوں سے وابستہ ہے اور تمام شعبوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک آف خیبر صوبائی اور قومی معیشت کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بینک اب ایک اے گریڈ کمرشل بینک کا درجہ رکھتا ہے اور ملک بھر میں اس کی 179 شاخیں کام کر رہی ہیں جن میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اپنی اسلامک بینکنگ برانچ کا افتتاح بینک آف خیبر کی ترقی اور توسیع کے سفر کی طرف ایک اور سنگ میل ہے۔