عمران خان پہلے دن سے مانتے ہیں کہ مضبوط لوکل گورنمنٹ کے بغیر ملک کا نظام درست نہیں ہو سکتا،تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات پہلے سال نہ کرانا پی ٹی آئی حکومت کی غلطی تھی۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے میرا تعلق لوکل کونسلز سے ہے، گورننس سب سے اہم ایشو ہے، عمران خان پہلے دن سے مانتے ہیں کہ مضبوط لوکل گورنمنٹ کے بغیر ملک کا نظام درست نہیں ہو سکتا، اگر ہم پی ٹی آئی حکومت کی ایک غلطی دیکھیں جس کا ہمیں نقصان ہوا وہ پہلے سال میں لوکل گورنمنٹ الیکشن نہ کرانا تھا۔ ہمارے بڑے شہروں میں ٹیکسیشن کا کوئی نظام نہیں، عوام کو ایک باا ختیار لوکل گورنمنٹ سسٹم کی ضرورت ہے، پنجاب کا جو لوکل گورنمنٹ ختم کیا وہ ہو نہ ہو اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں 2006 کے اختیار نیچے سے اوپر لے گئے اور لوگوں کو فائدہ نہ پہنچ سکا، حکومت کو اب نیچے سے اوپر کی طرف دیکھنا ہو گا جس کا زبردست نظام لوکل گورنمنٹ ہے، وزرائے اعلیٰ کی طرف سے لوکل گورنمنٹ کی مخالفت کی جا رہی ہے، ارکان اسمبلی پولیس اور پٹواری سے اوپر سوچنے کیلئے راضی ہی نہیں ہیں، گذشتہ دور میں شہباز شریف نے پنجاب کے بجٹ کا بڑا حصہ لاہور میں خرچ کیا ،پی ٹی آئی کو دبائو میں آکر سندھ کو 11 سو ارب روپے اضافی دینے پڑے،سندھ حکومت کراچی میں ایک روپیہ نہیں خرچ کر رہی، کراچی میں بیٹھ کرایک شخص کیسے اسلام آباد کے مسئلے کو سمجھ سکتا ہے؟،اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی کے مسائل کیسے حل کیے جاسکتے ہیں ؟، مقامی مسائل کوسمجھنے کے لیے مقامی نمائندوں کا ہونالازمی ہے۔