کراچی سمیت سندھ بھر میں 4 دن تک شدید بارشوں کی پیش گوئی۔الرٹ جاری

مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں کاامکان ۔سسٹم بحیرہ عرب میں آکر دوبارہ تقویت حاصل کرے گا

متعلقہ ادارے اپنے وسائل تیار رکھیں اور سڑکوں پر مشینری اور عملے کے ساتھ موجود رہیں ۔پی ڈی ایم اے

کراچی(ویب  نیوز)محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر سندھ بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کردی، 2اکتوبر تک موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان گلاب کے اثرات سندھ پر بھی پڑنے لگے صوبے میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ۔ اس سلسلے میں موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں 2 اکتوبر تک شدید بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں کاامکان ہے، بارشوں کا سسٹم بھارتی گجرات کی جانب گامزن ہے۔سسٹم بحیرہ عرب میں آکر دوبارہ تقویت حاصل کرے گا، بحیرہ عرب میں سسٹم کی موجودگی کی وجہ سے سندھ میں بارشیں متوقع ہیں، کراچی میں ماہی گیروں کو بھی ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے اپنے وسائل تیار رکھیں اور سڑکوں پر مشینری اور عملے کے ساتھ موجود رہیں ، جن علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے وہاں پیشگی انتظامات کیے جائیں ،انسانی جان اور املاک کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، شہید بینظیر آباد، ضلع دادو اور کراچی ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جبکہ سکھر لاڑکانہ، اور جیکب آباد میں بھی 30 ستمبر تک کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ فشری نیماہی گیروں کو سمندری طوفان کا الرٹ جاری کرتے ہوئے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ فشریز کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندرمیں طوفان بن رہا ہے، سمندر میں 2 اکتوبر تک تیز ہوائیں چلنے کے قوی امکانات ہیں، ماہی گیری 2 اکتوبر تک ماہی گیر گہرے سمندرمیں نہیں جائیں۔