مہنگائی وپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف متحدہ اپوزیشن کاقومی اسمبلی اجلاس سے بائیکاٹ کے بعد شاہراہ دستور تک مارچ
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شدید احتجاج کا اعلان
اپوزیشن پارلیمنٹیرنز کی حکومت کے خلاف نعرے بازی
اسلام آباد (ویب نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑھتے اضافے کے خلاف متحدہ اپوزیشن کے ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا ۔ ایوان میں عمران سستا پٹرول مہنگا گو نیازی گو کے نعرے لگ گئے ۔ ایوان سے شاہراہ دستور تک متحدہ اپوزیشن کی طرف سے مارچ کیا گیا ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپوزیشن پارلیمنٹیرنز نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شدید احتجاج کا اعلان کر دیا گیا ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی تو وقفہ سوالات کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف ،آغا رفیع اللہ اور دیگر متعدد ارکان نے نکتہ اعتراض پر فلور مانگنا شروع کر دیا ۔ اپوزیشن ارکان کو نظر انداز کر دیا گیا جس پر ایوان میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے حکومت کے خلاف نعرے لگانے شروع کر دئیے ۔حکومت مخالف پلے کارڈز لہرا دئیے گئے ۔ گو نیازی گو عمران سستا روٹی مہنگی عمران سستا چینی مہنگی عمران سستا پٹرول مہنگا اور حکومت کے خلاف دیگر نعرے لگائے گئے ۔ شدید احتجاج کے باوجود پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں بڑھتے اضافے کے خلاف اپوزیشن کی تحریک نہ لیے جانے پر خواجہ محمد آصف نے کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ۔ متحدہ ا پوزیشن نے قومی اسمبلی کے ایوان سے شاہراہ دستور تک مارچ کیا ۔ یہاں بھی مظاہرے کے دوران حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے بڑی تعداد میں دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں کی خواتین ارکان بھی موجود تھیں ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے چیف وہیپ سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی ایجنڈے کو سبوتاژ کر رہی ہے ۔ پٹرولیم کی مصنوعات میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس معاملے پر حکومت کسی کی بات سننے کو تیار نہیں ہے ۔ قیمتوں پر ہم بحث کروانا چاہتے تھے عوام کے مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے حکومت پارلیمنٹ کو بے توقیر کر رہی ہے بلکہ حکومت کی طرف سے پارلیمنٹ کو مفلوج کیا جا رہا ہے ۔ جنہوں نے ان حکمرانوں کو قوم پر مسلط کیا تھا وہ بھی اب سوچ رہے ہوں گے ۔ وہ تو پیچھے ہٹ چکے ہیں مگر حکمران قوم کی گردنوں پر سوار ہیں آئے روز مہنگائی میں اضافہ کیا جا رہا ہے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے حکمران ٹس سے مس نہ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں پی ڈی ایم کی طرف سے واضح لائحہ عمل دے دیا گیا ہے ۔ مرتضی جاوید عباسی نے عندیہ دیا پارلیمنٹ سے آئندہ مرحلے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف ارکان پارلیمنٹ کی مشترکہ ریلی نکالی جا سکتی ہے ۔ اب جگہ جگہ احتجاج ہو گا بلکہ ملک میں قریہ قریہ ہر گاوں ہر چوک ہر گلی میں مہنگائی کے خلاف عوام چیخ و پکار کر رہے ہیں حکمرانوں کو برا بھلا کہا جا رہا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت عوامی ایجنڈے کو زیر بحث نہیں لانا چاہتی اور اب یہ ایوان سے بھاگ رہی ہے مشترکہ اجلاس میں شدید احتجاج کیا جائے گا ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما آغارفیع اللہ نے بھی کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کو غیر فعال کررہی ہے بے توقیر کر رہی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف کی قیادت میں مشترکہ اجتجاج کیا جا سکتا جو کہ سڑک پر ہو گا ۔ ادھر قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ۔