آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد کی ایف بی آر کے چیف کمشنر سے ملاقات
سیلز ٹیکس سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا ،تاجر وں نے کبھی بھی ٹیکس دینے سے انکارنہیں کیا’ مرکزی صدر اشرف بھٹی
معیشت کو چلانے میں تاجر برادری کا کلیدی کردار ،فراموش نہیں کیا جا سکتا،تاجروں کیلئے دروازے کھلے ہیں’ ناصر اقبال
لاہور ( ویب نیوز)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی کی سربراہی میں تاجروں کے نمائندہ وفد نے چیف کمشنر ان لینڈ ریو نیو ناصر اقبال سے ان کے دفتر میں ملاقات کر کے سیلز ٹیکس سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر ایف بی آر کے کمشنر محمد عابد ،سرپرست اعلیٰ و صدر لبرٹی مارکیٹ ظہیر بابر، مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب علی سرکی ، چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطاء بٹ، نائب صد ورلاہور چوہدری نوید،فرخ اقبال،سینئر نائب صدر انار کلی بازار شیخ ارشد، جنرل سیکرٹری خواجہ ندیم، صدر ڈیفنس بورد رفعت سنی سمیت دیگر بھی شریک تھے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجروں نے کبھی بھی ٹیکس کی ادائیگی سے انکار نہیں کیا تاہم نظام میں پیچیدگیوں کے حوالے سے ہمیشہ تحفظات رہے ہیں جنہیں دور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان مضبوط روابط اور مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن مقرر ہونا چاہیے ۔چیف کمشنر ناصر اقبال نے کہا کہ معیشت کو چلانے میں تاجر برادری کا کلیدی کردار ہے اس لئے انہیں کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ میرے دروازے تاجروں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں اور میری واضح ہدایات ہیں کہ دوستانہ فضا کو فروغ دیا جائے او ر تاجر تنظیموں سے روابط کھے جائیں ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فائلرز کو تنگ نہیں کیا جائے گا ،تاجر ہمارے لئے قابل احترام ہیں ،جس طرح کی بھی شکایات ہوں مجھ سے براہ راست رابطہ کرکے آگاہ کریں جنہیں یقینی طو رپر حل کیا جائے گا