پاکستان کا جی ایس پی درجے کے تحت پاکستان کیلئے موجودہ ٹریڈریگولیٹری فریم ورک جاری رکھنے پر زور

برسلز(ویب  نیوز)پاکستان نے جی ایس پی درجے کے تحت پاکستان کیلئے موجودہ ٹریڈ ریگولیٹری فریم ورک جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔کامرس سیکرٹری محمد صالح احمد فاروقی نے ان خیالات کا اظہار برسلز کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران کیا جس کا مقصد موجودہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے یورپ اور بلغاریہ کے اعلی حکام اور تجارتی اداروں کے ساتھ روابط قائم کرنا ہے۔

انہوں نے حکام کو ستائیس عالمی کنونشنز پر عملدرآمد میں پاکستان کی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔فریقین نے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان تجارتی نمو پر اطمینان کا اظہار کیا جس سے تمام فریقوں کو فائدہ ہوا ہے۔فریقین نے صارفین اور متعلقہ فریقوں کے کاروبار کے فائدے کیلئے مثبت رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اس کے علاوہ بیلجیم اور برسلز کی علاقائی حکومتوں کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کی گئیں اور دوطرفہ مذاکرات کے موجودہ ڈھانچہ جاتی طریقہ کار کے ذریعے رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اس پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بیلجیئم اور پاکستان کے درمیان مشترکہ کمیشن کو دوبارہ فعال کیا جائے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ایف آئی ٹی، AWEX اور HUB  برسلزسمیت تجارتی فروغ کے تین اہم علاقائی اداروں کے درمیان حال ہی میں ہونے والی مفاہمت کی یادداشت کو فعال کیا جائے۔اپنی ملاقاتوں کے دوران کامرس سیکرٹری نے اعادہ کیا کہ پاکستان جی ایس پی پلس کے عالمی کنونشنز کے تحت تمام فرائض کی انجام دہی کے لئے پرعزم ہے۔