اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم عمران خان نے ہیلتھ، کسان اور احساس کارڈ کی تقسیم اور ان سے ملحقہ انتظامات کی جلد تکمیل کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحت، احساس اور کسان کارڈ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ ایک بڑا ریلیف فراہم کریں گے،وزیراعظم اپنے زیر صدارت کسان، ہیلتھ اور احساس کارڈ کی پیش رفت بارے اعلی سطح اجلاس میں گفتگو کررہے تھے ،اجلاس کو خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ہیلتھ کارڈ کی تقسیم اور اس کے ذریعے لوگوں کو صحت کی سہولیات کے حصول پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،مزید اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں صحت کارڈ کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کو جلد لاہور سے شروع کیا جائے گاجبکہ لاہور میں صحت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے،کسان کارڈ کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ کارڈ کی تقیسم کا عمل جنوبی پنجاب سے شروع کیا گیا جس کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں. کسان کارڈ سے براہِ راست سبسڈی سے نہ صرف کسانوں کو معاونت کی فراہمی بلکہ شفافیت کا عنصر بھی یقینی بنایا گیا ہے. علاوہ ازیں کسان کارڈ میں سبسڈی کیلئے مزید پراڈکٹس کو شامل کرنے کی حکمتِ عملی حتمی مراحل میں ہے،وزیرِ اعظم نے ہیلتھ، کسان اور احساس کارڈ کی تقسیم اور ان سے ملحقہ انتظامات کی جلد تکمیل کی ہدایات جاری کیں انہوں نے کہاکہ حکومت کا صحت کارڈ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں عوام کو صحت کی مکمل سہولیات کی مفت فراہمی کے حوالے سے منفرد اقدام ہے،پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ ایک بڑا ریلیف فراہم کریں گے. وزیرِ اعظم نے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اس حوالے سے خصوصی سیل بنا کر کام میں تیزی لائی جا رہی ہے انہوں نے کہاکہ لاہور میں تکمیل کے بعد جلد صحت کارڈ کی تقسیم پورے پنجاب میں یقینی بنائی جائے گی،اجلاس میں معاونینِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان، جمشید اقبال چیمہ اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی ،اس کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزراِ اعلی اور چیف سیکٹریز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔