حکومت تعمیرات سمیت صنعتی شعبے کیلئے توانائی کی قیمتیں کم کرنے کے اقدامات کرے۔ محمد شکیل منیر
وزیراعظم کے ہاؤسنگ پرگرام کو کامیاب بنانے میں ہرممکن تعاون کریں گے۔سردار طاہر محمود
کنسٹریکشن پیکج کی طرز پر دیگر صنعتوں کو بھی مراعات فراہم کی جائیں۔ میاں اکرم فرید
اسلام آباد (ویب نیوز ) اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے نومنتخب عہدیدارن کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر کنسٹریکشن انڈسٹری کو مزید بہتر طور پر فروغ دینے کے امور پر چیمبر کے عہدیداران کے ساتھ بات چیت کی اور مسائل کے حل کیلئے ان کا تعاون چاہا۔ فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان کے چیئرمین مسرت اعجاز خان،اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری زاہد رفیق، سرپرست اعلیٰ طاہر عباسی، نواز بسرا، رانا قیصر، رانا سرور یٰسین انجم،، عبدالباسط، ذوالقرنین عباسی اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ کنسٹریکشن انڈسٹری روزگار فراہم کرنے اور معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جو قابل ستائش ہے تاہم انہوں نے کہا کہ روپے کی گرتی ہوئی قدر اور تیل، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے تعمیراتی صنعت کی پیداواری لاگت کافی بڑھ گئی ہے جس وجہ سے سیمنٹ، سریا اور دیگر تعمیراتی سامان مہنگا ہو رہا ہے جس سے تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور اس صنعت کا کاروبار بھی متاثر ہو گا جبکہ عام آدمی کیلئے اپنا گھر تعمیر کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔ لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تعمیراتی صنعت سمیت دیگر صنعتوں کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کیلئے توانائی کی قیمتوں میں مناسب کمی کرنے کیلئے فوری اقدامات لے تا کہ تعمیراتی اور صنعتی سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ چیمبر کنسٹریکشن انڈسٹری کی کاروباری برادری کے مسائل حل کرانے کی کوششوں میں ایسوسی ایشن کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔
اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہر محمود نے اپنے خیالات کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے کنسٹریکشن پیکج کی وجہ سے تعمیراتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے اس شعبے سے منسلک تمام صنعتوں کا کاروبار بہتر ہوا ہے اور معیشت کی ترقی بہتر ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس مہنگی ہونے اور روپے کی قدر گرنے سے تعمیراتی سامان کی قیمتیں بڑھنا شروع ہو گئی ہیں جس سے تعمیراتی سرگرمیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے لہذا حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کی طرف فوری توجہ دے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کنسٹریکشن انڈسٹری سے وابستہ کاروباری برادری وزیراعظم کے ہاؤسنگ پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہرممکن تعاون کرے گی۔
فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطاب میں چیمبر کا دورہ کرنے پر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کیلئے قرضوں سے نجات حاصل کرنے اور معیشت کو درپیش مسائل کو حل کرنے کا سب سے بہتر طریقہ صنعتی سرگرمیوں اور برآمدات کو فروغ دینا ہے تا کہ ہمارا ملک قرضوں سے چھٹکارہ حاصل کر کے اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کنسٹریکشن پیکج کی طرز پر دیگر صنعتوں کو بھی مراعات فراہم کرنے کی کوشش کرے جس سے صنعتی شعبہ بہتر ترقی کرے گا، برآمدات میں اضافہ ہو گا اور معیشت مشکلات سے نکل کر پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر فہیم خان، طاہر عباسی، مسرت اعجاز خان، چوہدری زاہد رفیق، محمد نوید ملک، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کو کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔