پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی قیادت میں 1ارب تقسیم کرچکے،اسسٹنٹ ڈائریکٹرسکالرشپ

رحیم یار خان (ویب نیوز)

خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلبہ و طالبات میں سکالر شپ چیک کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد صغیر اور ڈین آف آل فیکلٹیز پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد مرتضیٰ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر 151طلبا و طالبات میں 3کروڑ 88لاکھ روپے سے زائد کے سکالر شپ تقسیم کئے گئے۔ اعدادوشمار بتاتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکالر شپ چوہدری زبیر اشرف نے کہا کہ  76 طالبات اور 75 طلبا کو بے نظیر انڈر گرایجویٹ سکالر شپ دیا گیا۔ سکالر شپ حاصل کرنے والوں میں 130 طالب علم ایسے ہیں جن کے والد اس دنیا میں موجود نہیں۔ انہوں نے کہاوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی مدبرانہ قیادت میں سکالر شپ ڈیپارٹمنٹ گزشتہ تین سالوں میں1ارب 15 کروڑ روپے سے زائد کے سکالر شپ  تقسیم کرچکا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کا ویژن ہے کہ کوئی بھی طالب علم مالی مسائل کی وجہ سے حصول علم سے محروم نہ رہے۔ ان کی مسلسل کوششوں کے سبب آج یونیورسٹی ایک ارب  15 کروڑ روپے سے زائد کے سکالر شپ تقسیم کر چکی ہے۔ انہوں نے بہترین کارکردگی پر سکالر شپ ڈیپارٹمنٹ کوشاباش دی۔ انہوں نے کہا خواجہ فرید یونیورسٹی کا سکالر شپ ڈیپارٹمنٹ دن رات کوشاں رہتا ہے تاکہ طلبہ کی تعلیم کے حصول کی راہ میں حائل مالی مشکلات کو دور کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار اداکر کے اور مستقبل میں بہترین خدمات سرانجام دے کر اچھائی کے اس سلسلے کو مزید آگے بڑھا سکتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار ڈاکٹر محمد صغیر نے کہاکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ تمام ضرورت مند بچوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے۔ اس ضمن میں پرائیویٹ ڈونرز کو قائل کرنا ہو یا پھر حکومتی اداروں کی معاونت کا حصول ہو پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے اپنے طالب علموں کی مدد کے لیئے ہرممکن اقدام اٹھایا ۔انہوں نے کہاوائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی خصوصی ہدایت پر یتیم بچوں کو سکالر شپ کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے طلبہ اپنے نتائج سے یہ ثابت کریں گے کہ وہ سکالر شپ کے صحیح حقدار تھے۔اس موقع پر انچارج سکالرشپ رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ جن بچوں کو سکالر شپ ملے ہیں وہ مبارکباد کے مستحق ہیں اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں ملک و قوم   کیلئے آسانیوں کا سبب بنیں گے۔ بائیو سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اور سکالر شپ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر جلات خان نے طلبہ کو محنت کرنےاور تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز کےڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان چغتائی، سکالر شپ کوآرڈی نیٹر حمیرا انور، ایڈمن آفیسر سکالر شپ حافظ محمد عمیر اور دیگر بھی موجود تھے۔