وزیر اعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت آزاد کشمیر کے2500 طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ کی تقسیم

جامعہ کشمیر مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں 787 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کر دیئے گئے

جامعہ کشمیر کو جدید ترین کیمپس ، اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی اور جدید تعلیمی سازوسامان سے لیس کر دیا ہے’ ڈاکٹر کلیم عباسی

مظفرآباد (ویب  نیوز)

وزیر اعظم پاکستان کی یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت آزادجموںوکشمیر میں سرکاری شعبہ میں قائم پانچوں جامعات میں اڑھائی ہزار سے زیادہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا آغاز ہوگیا ہے۔اس پروگرام کے تحت بی ایس ،ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت دیگر تمام ڈگری پروگراموں میں اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر مفت لیپ ٹاپ مہیا کیے جارہے ہیں۔اس سلسلہ میں جمعرات کے روز جامعہ کشمیر مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف ڈگری پروگراموں میں زیر تعلیم 787طلبہ و طالبات میں اعلیٰ معیار کے لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔تقریب سے جامعہ کشمیر مظفرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی ،ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹرفوکل پرسن برائے وزیر اعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپ سکیم سید قائم علی شاہ اور دیگر نے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے ۔تقریب میں جامعہ کی مختلف کلیات کے ڈین حضرات ،شعبہ جات کے سربراہان ،پرنسپل آفیسران،فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کنگ عبداللہ کیمپس کے آڈیٹوریم میں ہونے والی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے میرٹ پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی اورکہا کہ لیپ ٹاپ کی سہولت میسر آنے کے بعد طلباء کو انٹرنیٹ کے ذریعے جہاں تعلیم وتحقیق کے جدیدذرائع و وسائل تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی وہاں دنیا کے مختلف ممالک کی جامعات اوراعلیٰ تعلیم کے اداروں سے روابط قائم کرنے میں بھی کامیاب ہونگے۔وائس چانسلر نے وفاقی حکومت اور ہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آزادکشمیر کے ہونہارطلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ مہیا کرنے پر شکریہ اداکرتے ہوئے طلباء و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ اس سہولت کو تعلیم وتحقیق کے لیے استعمال کریں ۔انہوں نے کہا کہ آزادجموںوکشمیر یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہیکہ اس کے کل 280فیکلٹی ممبران میں سے 150پی ایچ ڈیز ہیں اور ان میں سے بھی اکثریت نے بیرون ملک سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔وائس چانسلر نے کہا کہ کسی بھی یونیورسٹی یا اعلیٰ تعلیمی ادارے کی طاقت اس کی فیکلٹی ہوتی ہے اور اس اعتبار سے یونیورسٹی آف آزادجموںوکشمیر کا شمار ملک کی دیگر بڑی جامعات میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی ،کنگ عبداللہ کی صورت میں خوبصورت کیمپس اور جدیدتعلیمی سازوسامان سے لیس لیبارٹریز وہ خصوصیات ہیں جو اس جامعہ اور اس میں زیر تعلیم طلبہ کو ملک کی دیگر جامعات سے ممتاز کرتی ہیں اور ہمیں پوری امیدہیکہ طلباء ان سہولیات سے استفادہ کرکے تعلیم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھیں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے نمائیندے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اس سکیم کے تحت ملک بھر کی جامعات کے 652000طلباء نے لیپ ٹاپ کے لیے اپلائی کیا تھا جن میں سے آزادکشمیر کی پانچ جامعات کے اڑھائی ہزار طلباء بھی شامل ہیں جنہیں یہ لیپ ٹاپ ان کی تعلیمی کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر مہیا کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سو فیصد میرٹ اور ایک شفاف طریقے سے صرف حق دار طلباء کو مہیا کیے جارہے ہیں تاکہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرکے تعلیم و تحقیق کے میدان میں اپنا نام پیداکریں۔سید قائم علی شاہ نے ڈیپارٹمنٹل اور سپرفوکل فوکل پرسنز کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات محنت کرکے تصدیقی عمل کی شفاف طریقے سے تکمیل کی۔