اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی صورتحال سے متعلق اعلی اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر ٹیکسز کم کرنے سے متعلق مشاورت کی گئی جبکہ وزیراعظم نے وزرا کو پرائس کنٹرول کمیٹیوں پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزرا اپنے حلقوں میں مصنوعی مہنگائی پر نظر رکھیں، مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیے جائیں۔اس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈیز کی تیاری مکمل کر لی ہے، مہنگائی میں حالیہ اضافہ صرف پاکستان کا نہیں عالمی مسئلہ ہے۔