افغانستان میں انسانی بحران،عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ
آرمی چیف سے نیٹو کے سینئر سول نمائندہ کی ملاقات
باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے میں امن استحکام اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال
نیٹو نمائندے کی افغانستان کے معاملے پر نیٹو ممالک کے پاکستان کے ساتھ روابط اور تعاون بڑھانے کی یقین دہانی
راولپنڈی (ویب ڈیسک)
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے،آرمی چیف نیٹو کے سینئر سول نمائندہ اسٹیفنو پونٹی کوروو سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ان سے ملاقات کی،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق نیٹو کے سینئر سول نمائندہ اسٹیفانو پونتیکورو نے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اوروہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں خطے میں امن استحکام اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی سطح پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران اسٹیفنو پونٹی کوروو نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا، انہوں نے افغانستان سے غیرملکیوں کے کامیاب انخلا اور خطے کے استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، نیٹو نمائندے نے افغانستان کے معاملے پر نیٹو ممالک کے پاکستان کے ساتھ روابط اور تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔