پاکستان میں ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کیلئے ون نیٹ ورک  اور ماسٹر کارڈ کا باہمی تعاون

کراچی (ویب  نیوز)ماسٹر کارڈ نے پاکستان کے ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنے کیلئے پاکستانی انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم پروائیڈر ون نیٹ ورک   کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔اس معاہدے پر دستخط کی تقریب دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین میں منعقد ہوئی،جہاں ماسٹر کارڈ پیمنٹ ٹیکنالوجی پارٹنر ہے. اس تقریب میں پاکستان میں ٹول ٹیکس وصول کرنے والے سب سے بڑے ادارے فرنٹیرورکس آرگنائزیشن(ایف ڈبلیو او) کے سربراہ بھی موجود تھے۔اس تقریب میں ماسٹر کارڈ کے ڈیجیٹل ادائیگی گیٹ وے کو ون نیٹ ورک کی نئی متعارف کردہ  اسمارٹ فون ایپ میں ضم کرنے کاا علان کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں موٹر وے کے مسافر موبائل فون کی مدد سے کہیں سے بھی اپنے MـTagکارڈز کو پیشگی ٹاپ اپ کرنے کے علاوہ اپنی  ٹریول ہسٹری اوربیلنس چیک کر سکتے ہیں۔ سالانہ 30 کروڑ  سے زائد ٹریفک پاکستان کے موٹر ویز کااستعمال کرتی ہے۔   موٹر وے پر خود کار ٹول  ٹیکس کی وصولی کے لیے  RFID پر مبنی MـTag  متعارف کیا گیا۔   جب مسافرMـTag  ٹول لین سے گزرتے ہیں،تو خود کار سسٹم کے تحت ان کے پری پیڈ MـTagاکاونٹس سے رقم منہا ہوجاتی ہے۔ ماسٹر کارڈ کی ڈیجیٹل موبیلیٹی پیمنٹ سالوشنز کے ساتھ موٹر وے پر سفر کرنے والے افراد اس نئی ایپلیکیشن کے ذریعے کہیں بھی اور کسی بھی وقت بلا رکاوٹ اپنے ایم ٹیگ اکائونٹ میں رقم ڈال سکتے ہیں۔اس شراکت داری سے متعلق ماسٹر کارڈ کے ڈویژن پریذیڈنٹ،برائے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ خالد الجبالی کا کہنا ہے کہ ”حکومت پاکستان کے ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر ہمیں  ماسٹر کارڈ کی ڈیجیٹل پیمنٹ موبیلیٹی سالوشن،ون نیٹ ورک کے الیکٹرانک ٹول کلیکشن سسٹم اور اسمارٹ فون اپلیکیشن میں ضم ہونے پر انتہائی خوشی ہے۔ ماسٹر کارڈ،پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کی  ترویج  اور معیشت کو متحرک رکھنے کیلئے اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملکر کام کرتا رہے گا۔”ون نیٹ ورک کے سی ای او آصف صدیق کا کہنا تھا کہ ”ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہورہی ہے کہ اب موٹر ویز پر سفر کرنے والے مسافر ہماری ایپ کے ذریعے بآسانی اپنےMـTag کو ری چارج کرسکتے ہیں،پاکستان کے روڈ نیٹ ورک پرلاکھوں مسافروں کیلئے ٹول ٹیکس کی ادائیگی کو آسان بنانے کیلئے ماسٹر کارڈ کے ساتھ ہماری شراکت داری ملک میں تبدیلی لانے اور ہماری زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے ہمیں ایک قدم آگے لے جائیگی۔”ایف ڈبلیو او کے سی ای او کمال اظفر نے دبئی میں منعقدہ دستخط کی تقریب میں شرکت کے دوران اس منصوبے کی تائید کرتے ہوئے پاکستان میں کیش لیس ٹول ٹیکس کی وصولی کے عمل کو موٹر ویز کو رش سے محفوظ بنانے کیلئے انتہائی اہم قرار دیا۔MـTagکے استعمال کیلئے بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل ادائیگی کو اپنانے کا عمل پاکستان میں سیاحت کو فروغ دے گا اور مالی شمولیت کو مزید آگے بڑھائیگا۔

#/S