بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے غیر معمولی حل نکالنا ہو گا،عمران خان
تربت ایئرپورٹ اور گوادر ، تربت میں نرسنگ کالجز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے،اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد (ویب نیوز)وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ تربت ایئرپورٹ اور گوادر اور تربت میں دو نرسنگ کالجز کو جلد از جلد مکمل کیا جائے جبکہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پھیلی آبادی اور بلوچستان میں طویل فاصلوں کی وجہ سے بلوچستان کے مسائل ملک کے دیگر حصوں سے مختلف ہیں اور ہمیں بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے غیر معمولی حل نکالنا ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی پیکج پر کام کی رفتا کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت فیاض احمد ترین، وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر، وفاقی وزیر برائے صنعت وپیدوار مخدوم خسروبختیار، وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، وفاقی وزیر برائے توانائی بیرسٹر محمد حماد اظہر، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں ایپکس کمیٹی کا صرف ایک اجلاس ہوا، جس پر وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کی سست رفتاری اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے 665 ارب روپے کے200 ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے ہر ماہ ایپکس کمیٹی اور ہر پندرہ دن میں ایگزیکیوشن کمیٹی کے اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا، اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تربت ایئرپورٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور گوادر اور تربت میں دو نرسنگ کالجز جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔ عمران خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے اور کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کے لئے وہ ہر ماہ جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پھیلی آبادی اور بلوچستان میں طویل فاصلوں کی وجہ سے بلوچستان کے مسائل ملک کے دیگر حصوں سے مختلف ہیں اور ہمیں بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے غیر معمولی حل نکالنا ہو گا۔ وزیر اعظم نے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، توانائی اور بحری امور کی وزارتوں اور حکومت بلوچستان کو ہدایت کی وہ توانائی ، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے رکھیں۔بریفنگ میں وزیر اعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ بلوچستان وسائل سے مالا مال ہے اوروہ ملک کی گیس کی40فیصد ضروریات پوری کرتا ہے، صوبے کے درپیش مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ وزیر اعظم نے حکومت بلوچستان کو ہدایت کی کہ وہ نچلی سطح تک اپنی گورننس کے نظام میں تبدیلی لائیں تاکہ نہ ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار تیز ہو سکے بلکہ عام آدمی کو بھی بہتر خدمات کی سہولیات میسر ہوں۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کہ کہ حکومتی اقدامات کے حوالہ سے عوام کی آگاہی کے لئے مئوثر میڈیا مہم کا بھی آغاز کیا جائے۔