• حقیقی آزادی کی جنگ و جہاد ہے جس میں قربانیاں دیناپڑیں گی، میں بھی تیار ہوں ،میڈیا سے گفتگو

لاہور (ویب نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان جلسے کو ناکام بنانے کے لئے ہمارے 1600 کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پورے ملک میں کنٹینرز لگا کر مقبوضہ کشمیر بنایا ہوا ہے، جو قوم بڑے فخر سے آزاد ہوئی تھی اس آزادی کو حکومت نے ختم کر دیا ہے۔ یہ ہمارے لوگوں کو ٹارچر کر رہے ہیں، ان کو اٹھا رہے ہیں، یہ جو بھی حربے استعمال کر رہے ہیں۔ مینار پاکستان جلسے کو ناکام بنانے کے لئے ہمارے 1600 کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا، ہمارے لوگوں کو اغوا کر رہے ہیں، ہم پر ظلم و تشدد ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم دلدل میں پھنس رہے ہیں، لوگ آٹے کی لائنوں میں مر رہے ہیں، اج لوگوں کو بتائیں گے کہ کس طرح ملک کو دلدل سے نکالیں گے۔انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ظلم ہورہا ہے، لیکن یہ حقیقی آزادی کی جنگ و جہاد ہے جس میں قربانیاں دیناپڑیں گی، میں بھی تیار ہوں، ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، خوف کی زنجیریں توڑنی ہیں۔