تجارت کو بہتر کرنے کیلئے دونوں جانب سے نجی شعبوں کو قریب لانے کی ضرورت ہے’ مرزا عبدالرحمن
اسلام آباد( ویب نیوز )
عراق اور شام کے معروف تاجر کا ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آبادکا دورہ ۔ چیئرمین کیپٹل آفس قربان علی اور کوآر ڈینیٹر مرزا عبدالرحمن سے ملاقات ۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ ۔ کاٹن، دھاگہ ، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ اور دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم میں اضافہ پر اتفاق ۔ عراقی تاجر کی مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار ۔ قربان علی اور مرزا عبدالرحمن کا ایف پی سی سی آئی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی ۔تفصیلات کے مطابق عراق و شام کی معروف کمپنی الکوبیسی اور الکوثر کے چیف ایگزیکٹیو عبدالقادر عبدالرزاق سلیمان الکوبیک نے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس اسلام آباد میں چیئرمین کیپٹل آفس قربان علی اور کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر پاکستان میں متعین عراقی سفیر کی سیکرٹری افنان ،، گلگت وومن چیمبر کی صدر علوینہ مجیب بھی موجود تھیں۔ قربان علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دنیا کے اکثریت ممالک کیساتھ وسیع تجارت ہے لیکن بدقسمتی سے عراق اور پاکستان کی تجارت 26ملین ڈالر ہے جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے ۔ ہماری خواہش ہے کہ عراق کے ساتھ تجارت کو فروغ ملے
۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عراقی سفیر کیساتھ کئی بار ملاقات میں دونوںممالک کے مابین تجارت کے فروغ اور بزنس کمیونٹی کو مزید قریب لانے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ قربان علی نے مزید کہا کہ کاٹن ‘دھاگہ ، سیاحت، کپڑا سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ عراق اورپاکستان کے تاجر مختلف شعبوں سرمایہ کاری کرکے بھرپور منافع کما سکتے ہیں ۔ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی دونوں اسلامی برادر ملک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور ایف پی سی سی آئی اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش پالیسیاں بنائی ہوئی ہیں لہذا عراق کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کریں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرزا عبدالرحمن کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے عراقی سفیر کو پاکستان اور ایف پی سی سی آئی آفس آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان اور عراق اسلامی برادر ملک ہیں ۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اپنے عراقی تاجر بھائیوں کو ادویات، سیاحت، کاٹن ، کپڑا ، میڈیکل آلات سمیت مختلف شعبوں میں ہر ممکن خدمات فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں پروڈکشن بہت کم ہے عالمی سیاست نے عراق کی صنعت و تجارت کو تباہ کیا ۔ پاکستانی تاجر اپنے عراقی بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں ۔ پاکستان اور عراق کی باہمی تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا تجارت کو بہتر کرنے کیلئے دونوں جانب سے نجی شعبوں کو قریب لانے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پرعراق و شام کی معروف کمپنی الکوبیسی اور الکوثر کے چیف ایگزیکٹیو عبدالقادر عبدالرزاق سلیمان الکوبیک نے قربان علی اور مرزا عبدالرحمن کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ عراق اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی ملکر مستقبل میں ایک بڑے منصوبے پر کام کریں گے ۔ کاٹن ، دھاگہ ، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش ہے ۔ ان شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین وسیع تجارت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی تاجر برادری میں پاکستان میں پائے جانے والے کاروباری مواقعوں کے بارے میں معلومات کی کمی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان روابط بہتر کرنے پر توجہ دیں جس سے تجارتی تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
—