پی ٹی سی ایل نے لاہور میں اپنے کمرشل ڈیٹا سینٹر کے لئے اپ ٹائم انسٹی ٹیوٹ سے ٹیئر تھری سرٹیفکیشن حاصل کرلی
اسلام آباد (ویب نیوز )
پاکستان ٹیلی کمیو نی کیشن کمپنی (پی ٹی سی ایل) نے اپ ٹائم انسٹی ٹیوٹ (یو آئی) سے لاہور میں اپنے کمرشل ڈیٹا سینٹر کے لئے ٹیئر تھری ڈیزائن سرٹیفکیشن حاصل کرلی ہے۔ اس سرٹیفکیشن کی بدولت پی ٹی سی ایل کی جانب سے اپنے صارفین کو اعلیٰ معیار کی ہوسٹنگ سہولیات کی فراہمی کے انتظام اور جدید ڈیٹا سینٹر کے ڈیزائن کے لئے سختی سے بین الاقوامی معیار ات کی توثیق ہوتی ہے۔
یہ سرٹیفکیشن میکنیکل اور الیکٹریکل حصوں کے ڈیزائن کی بھرپور جانچ اور آزمائش کی بنیاد پر حاصل ہوئی جن میں کمرشل سطح پر ڈیجیٹل سہولیات کی روانی سے فراہمی کے لئے تیاری اور کارکردگی سے متعلق پی ٹی سی ایل کے اعلیٰ ترین معیارات کا جائزہ لیا گیا۔ پی ٹی سی ایل نے اپنی خدمات کو متاثر کئے بغیر اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو برقرار رکھنے کی سہولت کے ساتھ ساتھ ڈیٹا سینٹر ڈیزائن کیا۔ پی ٹی سی ایل کا سی ڈی سی ایک کیرئیر نیوٹرل سہولت گاہ ہے جو اپنے صارفین کو ڈیجیٹل کنکٹویٹی کے استعمال میں پہلے سے زیادہ آسانی فراہم کرتی ہے۔
اس اہم کامیابی پر پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف انفارمیشن آفیسر، سعد مظفر وڑائچ نے کہا، "ہم اپنے ڈیٹا سینٹر کے لئے ٹیئر تھری سرٹیفکیشن کے حصول پر نہایت خوش ہیں۔ یہ ہمارے صارفین کو بہترین ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے عزم کی توثیق ہے۔ ایسے مستند ادارے سے سرٹیفکیشن کی توثیق سے نہ صرف اپنی ڈیجیٹل سہولیات کو جدید اور بہتر بنانے کے ہمارے ارادے کو حوصلہ ملتا ہے بلکہ اس سے ملک میں تمام کاروباری اداروں کے لئے اعلیٰ معیار کے ڈیٹا کی سہولت اور انتہائی قابل بھروسہ پی ٹی سی ایل کی ڈیٹا ہوسٹنگ خدمات بھی اجاگر ہوتی ہیں۔ ”
پاکستان کے قومی ادارے کے طور پر پی ٹی سی ایل انفرادی اور کاروباری اداروں کو اعلیٰ معیار کی ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں معاونت فراہم کرتا ہے تاکہ وہ اپنی ترقی اور استحکام کے حصول کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لاسکیں۔ کمپنی وسیع اقسام کے کاروباری اداروں کو بنیادی بیک ہال خدمات فراہم کررہی ہیں جن میں ملک کا ٹیلی کام سیکٹر شامل ہے جبکہ ملک میں اعلیٰ معیار کی ڈیٹا ہوسٹنگ سہولیات متعارف کرانے کے لئے بنیادی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔