فضائی آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں اسکول بند کئے جائیں، جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن کی تجوہز
چیئرمین جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے خلاف اقدامات سے متعلق رپورٹ جمع کروادی
جن صنعتی علاقوں میں ائیر کوالٹی انڈیکس 500تک ہے وہاں صنعتی یونٹس بند کیے جائیں
غیر معیاری پیٹرول اور آلودگی کنٹرول کرنے کے آلات نہ لگانے والوں کو 50 ہزار کا جرمانہ کیا جائے
لاہور( ویب نیوز)
چیئرمین جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن نے400ایئر کوالٹی انڈیکس تک کے علاقوں میں سکول بند کرنے کی تجویز دے دی۔چیئرمین جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے خلاف اقدامات سے متعلق رپورٹ جمع کروادی۔ رپورٹ میں فضائی آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں اسکول بند کر نے کی تجویز دی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ400اے کیو آئی تک کے علاقوں میں سکول بند کیا جائے۔ جن صنعتی علاقوں میں ائیر کوالٹی انڈیکس 500تک ہے وہاں صنعتی یونٹس بند کیے جائیں۔رپورٹ میں آلودگی اور اسموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے اسٹیٹ ایمرجنسی لگانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ غیر معیاری پیٹرول اور آلودگی کنٹرول کرنے کے آلات نہ لگانے والوں کو 50 ہزار کا جرمانہ کیا جائے۔چیئرمین جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنچاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 2ہزار 180واقعات کا اندراج ہوا۔ایگریکلچر ٹاسک فورس نے صرف 98کیسز میں جرمانے عائد کیے ۔رپورٹ کے مطابق اسموگ کے سیزن میں ماحول دشمن عناصر کو 4کروڑ 50لاکھ کے جرمانے کیے جا چکے ہیں۔پنجاب بھر میں آلودگی پھیلانے والی 245 فیکٹریاں سیل کی گئی ہیں۔دوسری جانب لاہور کی فضا سے سموگ کے گدلے بادل چھٹ نہ سکے۔ لاہور آج پھر فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔ شہر کا ائیر کوالٹی اندیکس چار سو ستائیس تک پہنچ گیا ہے۔