امریکا نے روس کے 27سفارت کاروں کو ملک بدر کردیا

روسی سفارت کاروں کو اہل خانہ سمیت 30 جنوری تک ملک چھوڑنے کا حکم

واشنگٹن(ویب  نیوز) امریکا نے روس کے 27سفارت کاروں کے ویزوں میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے 30جنوری تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں روس کے سفیر اناتولی انتونیوف نے میڈیا کو بتایا کہ 27روسی سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو امریکا سے واپس روس جانے کا کہہ دیا گیا ہے جس کے بعد یہ سفارت اہل خانہ سمیت 30جنوری چلے جائیں گے۔روسی سفیر اناتولی انتونوف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہمارے سفارت کاروں کو نکالا جا رہا ہے جس سے ہمیں عملے کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ میرے ساتھیوں کا ایک بڑا گروپ اپنے اہل خانہ کے ساتھ 30جنوری کو ہمیں چھوڑ کر روس واپس چلے جائیں گے۔ادھر روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ امریکا میں 29اکتوبر تک تقریبا 200روسی سفارت کار اپنے فرائض انجام دے رہے تھے جن میں اقوام متحدہ میں روسی مشن کا عملہ بھی شامل تھا۔دوسری جانب امریکی حکومت نے بھی گزشتہ ماہ کہا تھا کہ روس میں 2017سے اب تک امریکی مشن 1200سے گھٹ کر 120تک رہ گیا ہے جس کی بنیادی وجہ بلاجواز بے دخلی اور پابندیاں ہیں۔اسی طرح روس نے بھی کہا تھا کہ 2016سے تاحال 125سے زائد روسی سفارت کاروں کو خاندانوں سمیت امریکا چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا۔

#/S