وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے سہ روزہ ”VCLA-6“ کی تقریب کا افتتاح کر دیا
ڈیرہ اسماعیل خان( ویب نیوز )
گومل یونیورسٹی میں سہ روزہ وائس چانسلر لٹریری ایوارڈ۔6 (وی سی ایل اے۔6) کی تقریب کا آغاز ہو گیا۔ تقریب کا افتتاح وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمدنے ڈاکٹر عبدالقدیر خان آڈیٹوریم میں فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر تمام شعبہ جات کے ڈین سمیت رجسٹرار‘سربراہان‘ اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کا انعقاد ڈپٹی ڈائریکٹر‘ ڈائریکٹوریٹ آف سوسائیٹز میڈم ثناء خان اور انکی ٹیم نے کیا۔تین روز تک جاری رہنے والے وی سی ایل اے 6کے مختلف مقابلوں میں گومل یونیورسٹی کے سٹی کیمپس، ٹانک کیمپس، وینسم کالج اور مین کیمپس کے تمام شعبہ جات کے طلباء کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے۔ جس میں پہلے دن طلباء تقاریر‘مضمون نویسی، پینٹنگ، کیلیگرافی، سکیچنگ، ویڈیو گرافی اور فوٹو گرافی کے مقابلوں میں حصہ لیں گے جبکہ دوسرے دن بیت بازی، ڈرامہ، ملی نغمہ، قرأت اور نعت کے مقابلے ہوں گے
جبکہ تیسرے اورآخری دن تقسیم انعامات کی تقریب ہونگی جس میں شرکاء کیلئے مشاعرے کے اہتمام کیساتھ ساتھ ثقافتی اسٹالز لگائے جائیں گے جس میں غیر ملکی طلباء بھی اپنے ملک کی ثقافت کو اجاگر کرینگے۔ تقریب کے موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد کو گارڈ آف آنر دیا گیااور گومل یونیورسٹی کے ڈاکٹر عبدالقدیر خان آڈیٹوریم کے مین سٹیج پر سابق وائس چانسلرز کی تصاویر بھی لگائی گئی تھیں۔