درپیش چیلنجز’وزیراعظم نے وزرا ء کو بیرون ملک دوروں سے روک دیا
آئندہ 3 ماہ بہت اہم ہیں، اس لیے کوئی وزیر ملک سے باہر نہ جائے،عمران خان
وزیر اعظم نے گلاسگو کانفرنس سے متعلق رہنمائوں کے بیانات کا سخت نوٹس لے لیا ، ذرائع
اسلام آباد( ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے حکومت کو درپیش مختلف چیلنجزکے پیش نظر وفاقی وزرا ء کو بیرون ملک دوروں سے روک دیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکم دیا کہ آئندہ 3 ماہ بہت اہم ہیں، اس لیے کوئی وزیر ملک سے باہر نہ جائے ، کوئی وزیر اجازت لیے بغیر بیرون ملک دورہ نہیں کرے گا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزرا ء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا اور کہا کہ حکومت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپنی حکومت کے وزراء کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین ماہ تک بیرون ملک کے دورے نہ کریں ، حکومت کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، 3 ماہ میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی بحرانوں کا سامنا ہے۔ ایسی صورتحال میں وزراغیرضروری بیرونی دورے نہ کریں، اپنی اپنی وزارتوں میں رہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے گلاسگو کانفرنس سے متعلق رہنمائوں کے بیانات کا سخت نوٹس لیا ہے، کچھ پارٹی رہنما بغیر بتائے کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے تھے، وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ کانفرنس میں وزرا سے متعلق جو بیانات دئیے گئے وہ انتہائی افسوس ناک ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کانفرنس میں پاکستان کی کارکردگی شان دار رہی، گلاسگو کانفرنس میں پاکستان کا نام سرفہرست رہا، ملک امین اسلم نے کانفرنس میں پاکستان کی زبردست نمائندگی کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے کانفرنس سے متعلق متنازع بیانات دینے والے پارٹی ارکان کو شٹ اپ کال دے دی۔اجلاس میں وزیر اعظم نے ملک میں گیس کی قلت کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا، انھوں نے کہا ملک میں گیس کی قلت ہے، پاکستان میں گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں، لیکن صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔