الیکشن کمیشن نے ای وی ایم مشینز کی خریداری پر حکومتی دبا ئومسترد کردیا

الیکشن کمیشن خود مختار اور آئینی ادارہ ہے،کسی دبائو کو خاطر میں لائے بغیر اپنے دائرہ کار کے مطابق ہی امور انجام دے گا، ذرائع الیکشن کمیشن

اسلام آباد( ویب  نیوز)

الیکشن کمیشن نے ای وی ایم مشینز کی خریداری کے بارے میں ٹینڈرز پر حکومتی دبا ئوکو مسترد کردیا۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ای وی ایم کے بارے میں ٹینڈرز سنجیدہ ترین نوعیت کا معاملہ ہے، الیکشن کمیشن خود مختار اور آئینی ادارہ ہے، حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن پر ای وی ایم مشینوں کے بارے میں ٹینڈرز کرنے کا دبا ئوبڑھایا جارہا ہے لہذا الیکشن کمیشن ہر قسم کے دبائو کو مسترد کرتا ہے۔ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی دبائو کو خاطر میں نہیں لائے گا بلکہ اپنے دائرہ کار کے مطابق ہی امور انجام دے گا، الیکشن کمیشن ای وی ایم مشین اور اس سے جڑے ایشوز پر تین اعلی سطح کمیٹیاں تشکیل دے چکا ہے، تینوں کمیٹیاں چار ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہیں لہذا کمیٹیز کی سفارشات کی روشنی میں کنسلٹنٹ ہائر کرکے ٹینڈرز سمیت دیگر امور کو آگے بڑھایا جائے گا۔ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ گڈی گڈے کا کھیل نہیں جس پر کوئی دبا ئوقبول کریں، میڈیا کے ذریعے دبا ئوبڑھانا یا بیانات سے الیکشن کمیشن مرعوب نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔