الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلئے،پولنگ کیلئے خصوصی ہدایات جاری
اسلام آباد( ویب نیوز)
حلقہ این اے 133میں ضمنی انتخاب05دسمبر 2021کو ہو گا۔اس انتخابی عمل کو صاف، شفاف، پرامن اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق پریذائیڈنگ آفیسر ریٹرننگ آفیسر سے پولنگ بیگ وصول کرے گا پولیس کے ساتھ پاکستان رینجرز کے اہلکاران پریذائیڈنگ افسران کو سیکیورٹی فراہم کریں گے اورانتخابی عمل کے مکمل ہونے تک پولنگ سٹاف کے ہمراہ رہیں گے۔ حلقے میں قائم تمام 254 پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور پاکستان رینجرز لا اینڈ آرڈر کو یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے دن فارم 45 کی تصویر کھنچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے مزید وہ پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45 کی تصویر لیں گے اور فورا ریٹرننگ افسر کو وائٹس ایپ (WhatsApp)پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں گے۔ انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسر فورا ریٹرنگ افسر کے دفتر پہنچ کر فارم 45 کی اصل کاپی ریٹرننگ افسر کے حوالے کریں گے ہر پریذائیڈنگ افسر فارم 45 کی اوریجنل کاپی بمع Snapshotبشمول Forensic detailsریٹرننگ افسر کو دکھائے گا جس میں وقت اور لوکیشن معلوم ہو۔ ریٹرننگ افسر تصویر اور لوکیشن کی تفصیلات کا جائزہ لے گا اور پریذائیڈنگ افسر کے موبائل پر موجود لوکیشن اور وقت کی تفصیلات کی تصویر اپنے موبائل میں حاصل کرے گااور ان فرانزک(Forensic) تفصیلات کو اپنے آفس میں کمپیوٹر میں محفوظ کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے ہدایات دی ہیں کہ ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کی تربیت کو یقینی بنائے اور آگاہ کرے کہ کوئی بھی پولنگ ا یجنٹ پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45 وصول کیے بغیر پولنگ اسٹیشن نہ چھوڑے۔ ہر پریذائیڈنگ افسر متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی دستخط شدہ کاپی پولنگ اسٹیشن پر ہی مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔کرونا وائرس کے حالیہ پھیلاو میں اضافے کے پیش نظر انتخابی میٹریل پریذائیڈنگ افسر ان کے حوالے کرتے وقت پولنگ کے دن ووٹنگ کے عمل کے دوران اور ریٹرننگ افسر کے دفتر میں نتائج وصولی کے وقت سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور دیگر ایس او پیزپر عمل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔تا ہم اس سلسلے میں اس بات کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ہیں کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے دوران ووٹنگ کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اور کوئی بھی اہل ووٹر اپنے حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم نہ رہے۔ اگر کسی ووٹر کے پاس ماسک موجود نہ ہو تو الیکشن کمیشن کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ ماسک فراہم کرے گی۔ریٹرننگ افسر کے دفتر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو پولنگ کے عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا اس کنٹرول روم میں ریٹرننگ افسر کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس اور رینجرز کے حکام یاان کے نمائندگان موجود رہیں گے تا کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے الیکشن کے دن کسی بھی نوعیت کی شکایت کو نمٹانے کے حوالے سے سنٹرل اور صوبائی سطح پر الگ الگ کنٹرول روم قائم کر دیئے ہیں جو پولنگ کے دن صبح 7:00 بجے سے ابتدائی نتیجہ مرتب ہونے تک بلاتعطل کام کرتے رہیں گے۔ الیکشن کمیشن اس بات کی توقع کرتا ہے کہ حلقہ کے ووٹر اپنا حق رائے دہی پرامن انداز میں COVID-19کےSOPs کا خیال رکھتے ہوئے استعمال کریں گے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے تعینات کردہ اہلکار ان سے بھرپورتعاون کریں گے۔