حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل، پاکستان سے پہلی حج پرواز 29اپریل کو روانہ ہوگی، وزارت مذہبی امور
عازمین کو سرکاری حج اسکیم کے تحت 342پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا،اعلامیہ

اسلام آباد (   ویب  نیوز)

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ پاکستان سے پہلی حج پرواز 29اپریل کو روانہ ہوگی۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ عازمین کو سرکاری حج اسکیم کے تحت 342پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ سرکاری اسکیم کے تحت 89ہزار عازمین کو مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔ عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 33روز جاری رہے گا، پاکستان سے آخری حج پرواز 31مئی کو روانہ ہوگی۔حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے۔ حج آپریشن کے پہلے روز 6پروازیں سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گی، 29اپریل کو لاہور سے دو جبکہ اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور ملتان سے ایک ایک پرواز روانہ ہوگی۔اسلام آباد سے 29اپریل کو قومی ایئرلائن کی پرواز صبح پونے پانچ بجے روانہ ہوگی، یہ پرواز 393عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔لاہور سے نجی ایئرلائنز کی پرواز صبح ساڑھے آٹھ بجے 150عازمین کو لے کر مدینہ منورہ جائے گی، کوئٹہ سے قومی ایئرلائن کی پرواز صبح ساڑھے نو بجے روانہ ہوگی۔ کوئٹہ سے بھی 150مسافروں کے ساتھ قومی ایئرلائن کی پرواز روانہ ہوگی۔ملتان سے قومی ایئرلائن کی پرواز رات سوا 8 بجے روانہ ہوگی، ملتان سے قومی ایئرلائن کی پرواز 393عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔ اسی طرح کراچی سے نجی ایئرلائن کی پرواز رات ساڑھے نو بجے روانہ ہوگی، کراچی سے نجی ایئرلائن کی پرواز سے 285عازمین سعودی عرب جائیں گے۔لاہور سے دوسری پرواز 329عازمین کے ساتھ رات سوا 10بجے روانہ ہوگی۔