وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کو ای وی ایم فراہم کرنے کیلئے تیار
الیکشن کمیشن خریداری سمیت دیگر امور کے لئے فوکل پرسن فراہم کرے
انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سراہتے ہیں،وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا خط
اسلام آباد(ویب نیوز)وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے کے لئے تیار، وزارت سائنس ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دے دیا۔وزارت سائنس ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خصوصیات مانگ لیں۔ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کا ٹائم فریم اور خریداری سمیت دیگر امور کے لئے فوکل پرسن فراہم کرے۔ وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔وزارت سائنس کی جانب سے مزید لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن بتائے کونسی مشین درکار ہے تاکہ اس کی پروڈکشن کا کہا جائے۔ خط میں الیکشن کمیشن کو دیئے گئے دو ڈیموز کا بھی حوالہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ بتایا جائے 17 اگست اور 15 نومبر 2021 کو دیئے گئے ای وی ایم کے ڈیموز میں سے کونسی ای وی ایم درکار ہے، آرٹیکل 220 کے تحت ای وی ایم کی پروڈکشن کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔وزارت سائنس نے مزید لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کی ٹائم لائنز دے تاکہ ای وی ایم بروقت فراہم کی جاسکیں۔