کے پی بلدیاتی انتخابات،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، اسپیکر قومی اسمبلی کو نوٹس جاری، 13 دسمبر کو طلب

پشاور(ویب  نیوز)خیبر پختونخوا  میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر صوابی نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 دسمبر کو طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر صوابی نے جاری کیا اور انہیں 13 دسمبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔نوٹس میں اسپیکر اسد قیصر کو ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی ایم او نے کہا کہ اسد قیصر مبینہ طور پر آڈیو کلپ میں ووٹرز سے اپیل کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف  امیدواروں کو ترقیاتی فنڈز کی بھی یقین دہانی کروائی۔الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں مبینہ طور پر ترقیاتی فنڈز سے ووٹ خریدنے کے حوالے سے اسپیکر اسد قیصر کی آڈیو کا نوٹس لے لیا اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کو بھی خط لکھ دیا۔

ڈی ایم او نے چئیرمین پیمرا نے اسد قیصر کے آڈیو کا فرانزک کرکے 15 دسمبر تک رپورٹ مانگ لی۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پشاور نے پی ٹی آئی کے ایک اور رکن قومی اسمبلی شوکت علی کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا اور انہیں 12 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عوامی نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر پشاور نے 13 دسمبر کو طلب کر لیا۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر بنوں نے جمعیت علمائے اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی اور صوبائی اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو تنبیہ کرکے ان کو جاری کیا گیا نوٹس نمٹا دیا۔صوبائی اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران دو جلسوں میں شرکت کی تھی، جس پر انہیں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔اس سے قبل ای سی پی نے علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی کے متعدد وفاقی اور صوبائی وزرا پر 50 ہزار فی کس جرمانہ اور تنبیہ کی تھی۔ترجمان ای سی پی ہارون شنواری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر پشاور نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، پی پی پی کے اراکین قومی اسمبلی خورشید شاہ اور قادر پٹیل، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی کو فی کس 50،50 ہزر روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر پشاور نے نگہت اورکزئی کو وارننگ جاری کی ہے اور مزید خلاف ورزی پر کیس الیکشن کمیشن بھجوایا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا تھا کہ پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو پر بھی بلدیاتی انتخابات کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ای سی پی کے ترجمان ہارون شنواری کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر کئی صوبائی وزرا، اراکین قومی اسمبلی اور اراکین صوبائی اسمبلی کو الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت جرمانہ کر دیا ہے۔واضح رہے کہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے اور ای سی پی نے اس کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ای سی پی کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد دیگر 18 اضلاع میں انتخابات 16 جنوری 2022 کو ہوں گے۔