بھارتی فوجیوں نے سرینگر میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے
سرینگر(ویب نیوز ) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع سرینگر میں دو کشمیری نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھا رتی فوجیوں، پیراملٹری فورسزاور پولیس اہلکاروں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے رنگریٹ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔قابض حکام نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا اور انٹرنیٹ موبائل سروس معطل کر دی۔ادھرنوجوانوں کی شہادت پرعلاقے کے لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا دونوں نوجوان بے گناہ تھے اور ان کوجعلی مقابلے میں شہید کیاگیا۔