وزیر خارجہ کا او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے انتظامات کا جائزہ

اجلاس میں فواد چوہدری ، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، ترجمان وزارتِ خارجہ عاصم افتخار اور سینئر افسران کی شرکت

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کیلئے اعلی سطح اجلاس ہوا،وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری کے علاوہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وزارتِ خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔پی آئی او سہیل علی خان، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی محترمہ عنبریں جان، ایم ڈی اے پی پی مبشر حسن سمیت وزارتِ اطلاعات کے سینیئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے،وزیر خارجہ کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے انتظامات کے مختلف پہلوں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی۔وزیر خارجہ نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید بہتر بنانے کیلئے خصوصی ہدایات دیں، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اکتالیس برس کے بعد او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس برائے افغانستان کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، اس اجلاس کے توسط سے افغانستان میں تیزی سے ابھرتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے اور افغانستان کے امن و استحکام کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے غور و خوض کا ایک سنہری موقع میسر آئے گا۔