پنجاب میں دھند کا راج، موٹروے کئی مقامات سے بند،پروازیں متاثر

پروازوں کے منسوخ ہونے اور تاخیر سے مسافر کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا

محکمہ موسمیات کی ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی

لاہور/اسلام آباد(ویب  نیوز)پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے بند کرنا پڑی، لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث مختلف شہروں میں کئی مقامات پر صبح کے وقت حد نگاہ کم رہی، جھنگ، صادق آباد، اوچ شریف میں دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، بہاولنگر، چشتیاں، حافظ آباد میں بھی دھند چھائی رہی۔شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 بھیرہ سے ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ، موٹر وے ایم 4شیر شاہ سے شام کوٹ تک، موٹروے ایم 5جلال پور انٹرچینج سے شیرشاہ اور روہڑی سے گڈو تک بند کردی گئی۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔ دھند بڑھنے سے لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، پروازوں کے منسوخ ہونے اور تاخیر سے مسافر کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کر دی۔