ملک چلا نے کیلئے تیار ،پہلے ان حکمرانوں کی چھٹی، پھر ہم سے بات کرو ،آصف زرداری

پہلے دن ہی کہا تھا نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، تحریک انصاف نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا

ڈر تھا نوابشاہ میں کوئی انڈہ نہ دے مارے، زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ہے، اللہ قبر تک ایمان دے

نوابشاہ(ویب  نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلے دن ہی کہا تھا نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، نیا پاکستان بنانا بہت آسان ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف نے پرانے کا بھی بیڑا غرق کر دیا،ملک چلا نے کیلئے تیار ہیں لیکن پہلے ان حکمرانوں کی چھٹی کرو، پھر ہم سے بات کرو،زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ہے، کل نوابشاہ کے دورے پر نکلا تو مجھے ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے۔ چودھری طارق مسعود آرائیں کے ظہرانے میں سابق صدر آصف علی زرداری نے شرکت کی۔آصف علی زرداری نے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اسمبلی میں پہلے دن ہی کہہ دیا تھا یہ حکومت نہیں چلے گی، تجربات کرکر کے ملک کا بیڑا غرق کر رہے ہیں، جب بھی ملک پر مشکلات آئی پیپلز پارٹی نے ملک کا ساتھ دیا، ہماری جماعت ہی ہے جو ملک کو چلا اور سنبھال سکتی ہے، ہم اب بھی تیار ہیں لیکن بات سیدھی ہے کہ پہلے ان حکمرانوں کی چھٹی کرو، پھر ہم سے بات کرو تو پھر ہم ملک سنبھالیں گے۔آصف زرداری نے کہا کہ سپر پاور نے کہا تم سپر پاور ہو لیکن میں نے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل سے ہم واقف ہیں، ملک کے تمام مسائل پیپلز پارٹی ہی حاصل کر سکتی ہے، ڈالر 180کا ہوگیا ہے، جتنے ہمارے قرضے تھے اس حکومت میں ڈبل ہوگئے ہیں، ملک پر باہر کے لوگ مسلط کیے گئے ہیں، پہلے دن ہی کہا تھا نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، نیا پاکستان بنانا بہت آسان ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف نے پرانے کا بھی بیڑا غرق کر دیا۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ نوابشاہ کے دورے پر نکلا تو مجھے ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے، زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ہے، اللہ قبر تک ایمان دے، میں جیل گیا تھا تو بتا کر جیل گیا تھا۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں روزگار دیا، اس حکومت میں لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں، پندرہ سال آگے اور پندرہ سال پیچھے دیکھیں تو فرق نظر آجائے گا، ملک چلانے اور سنبھالنے کے لئے ایک سوچ ہوتی ہے،بی بی شہید پر کیس بنایا گیا کہ تم نے نوکریاں دیں، محترمہ شہید نے کہا میں روزگار دیتی رہونگی تو آپ لوگ کیس بناتے رہنا۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف حکومت میں چینی اورآٹے کا بحران پیدا ہوا اور چینی و آٹا امپورٹ کیا جانے لگا تھا تو ہم نے اقتدار میں آکر ایک سال میں بحران ختم کیا اوران اشیا کو ایکسپورٹ کرنا شروع کیا، عوامی طاقت کے خلاف جو بھی آئے گا چاہے وہ سردار ہو میر ہو یا پیر، سب یاد رکھیں کہ ووٹ عوامی ووٹ ہمارا اور آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہے۔