Qamar Bajwa

پاکستان کیساتھ  ہرسطح پرسفارتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں، تھامس ویسٹ

آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی ملاقات، افغا ن سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا،آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ویب ڈیسک)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دنیا اور خطہ غیرمستحکم افغانستان کا متحمل نہیں ہوسکتا، افغانستان کو انسانی تباہی سے بچانے کے لیے عالمی کاوشیں ناگزیر ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سپہ سالار سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو)میں ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت پر امریکی نمائندہ خصوصی سے اظہار تشکرکیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہاکہ افغانستان کو انسانی تباہی سے بچانے کے لیے عالمی کاوشیں ناگزیر ہیں، دنیا اور خطہ ایک غیر مستحکم افغانستان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ملاقات میں امریکی نمائندہ نے افغانستان سے متعلق پاکستان کے کردار،پاک افغان بارڈرمینجمنٹ سے متعلق پاکستان کی کاوشوں کی بھی تعریف کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات میں تھامس ویسٹ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہرسطح پرسفارتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں ،پاک افغان بارڈر پر کئے جانے والے خصوصی اقدامات اوراو آئی سی اجلاس کے انعقادکیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔