بلدیاتی انتخابات میں شکست’ وزیر اعظم کو رپورٹ پیش،گورنر کے پی ، سپیکر اسد قیصربھی ذمہ دار قرار

گورنر کے پی ، سپیکر اسد قیصر سمیت 4 صوبائی وزرا ء اور 11 اراکین اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کی خیبرپختونخوا کے اگلے مرحلے بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کا چنائوخود کرنے کا فیصلہ، وزیراعلی محمود خان کو گائیڈ لائنز دی

اسلام آباد(ویب نیوز ) وزیر اعظم عمران خان کو وزیر اعلی محمود خان کی جانب سے پیش کی جانے والی جائزہ رپورٹ میں خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کا ذمہ دارگورنر کے پی ، سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر سمیت 4 صوبائی وزرا ء اور 11 اراکین اسمبلی قرار دیا گیا ہے جس پر پارٹی فیصلے کے مخالف جانے والے ارکان کو ابتدائی طور پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ بدھ کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں بلدیاتی انتخابات میں شکست سے متعلق جائزہ رپورٹ پیش کی، اس موقع پر وز یرخارجہ شاہ محمود قریشی اور علی امین گنڈا پور سمیت دیگر شریک تھے۔رپورٹ میں بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو سپورٹ نہ کرنے والے دیگر اضلاع کے اراکین اسمبلی کے نام شامل ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے مزید مشاورت کے لیے کور کمیٹی کا اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق 19 دسمبر کو خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پشاور، مردان، صوابی، بنوں، ڈی آئی خان و دیگر اضلاع میں ہارنے کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی گئی، تحریک انصاف کی شکست میں اضلاع کی سطح پر ذمہ داروں کا تعین کر دیا گیا، تحصیل مئیر پشاو کا ٹکٹ گورنر شاہ فرمان ، کامران بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا کی سفارش پر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مئیر کے ٹکٹ پر سفارش پر ارباب شہزاد خاندان کی مخالفت پر شکست کا سامنا کرنا پڑا، مردان کے تمام ٹکٹ عاطف خان خان کی سفارش پر دئیے گئے تھے، صوابی میں تمام ٹکٹ سپیکر اسد قیصر اور صوبائی وزیر شہرام ترکئی کی سفارش پر دیئے گئے۔ ناقص کارکردگی پر گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان، سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر سمیت 4 صوبائی وزراء اور 11اراکین اسمبلی شکست کے ذمہ دار قرار پائے۔متھرا میں نور عالم اور ایم پی اے ارباب وسیم شکست کا ذمہ دار قرار پائے۔ تحصیل بڈھ بیر میں گورنر شاہ فرمان اورایم این اے ناصر موسی زئی کے درمیان اختلافات پر شکست کا سامناکرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران مخالف امیدوار کی حمایت کرنے پر چارج شیٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اراکین اسمبلی کو شوکاز نوٹس دیئے جائینگے، پارٹی پالیسی کیخلاف جانے والے ایم پی ایزاورایم این ایزکیخلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے ایم این ایز،ایم پی ایزکوشوکازکے علاوہ مزید کوئی کاروائی نہیں کی جاسکتی۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)سے تعلق رکھنے والے ذرائع نے بتایا کہ شوکاز نوٹس جواب کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی محمود خان کو اگلے مرحلے کی حکمت عملی سے متعلق گائیڈ لائنز دی۔ذرائع کے مطابق دوران ملاقات وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے آئندہ مرحلے بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کا چناو خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ملاقات میں عمران خان نے محمود خان کو پارٹی کارکنوں کو منظم کرنے کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پہلے مرحلے کے نتائج سے سبق سیکھنا ہوگا، پارٹی کے اندرونی اختلافات کا فائدہ مخالفین کو ہوا ہے۔