کراچی (ویب ڈیسک)
کراچی میں شہریوں کے لیے گرین لائن بس سروس کا آغاز ہفتہ کو ہوگا۔ کراچی گرین لائن بس ابتدائی طور پر محدود آپریشن کے ساتھ صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک چلائی جائے گی۔ترجمان سندھ انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے مطابق گرین لائن کی 80 میں سے 25 بسیں چلیں گی اور 10 جنوری 2022 سے گرین لائن بس مکمل طور پر چلے گی۔ گرین لائن بس منصوبے کا اعلان جولائی 2014 میں ن لیگ کی وفاقی حکومت نے کیا تھا اور 26 فروری 2016 کو اس 17.8 کلومیٹر طویل سرجانی سے گرومندر تک ٹریک کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔دعویٰ تو یہ تھا کہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کر لیا جائے گا لیکن سابق وفاقی حکومت کا کیا ہوا وعدہ 5 سال 9 ماہ بعد سچ ہوا۔ اس منصوبے میں 22 بس سٹیشنز اور مسافروں کے لیے 80 بسیں کام کریں گی جبکہ ہر بس میں 200 سے 250 افراد کی گنجائش ہوگی اور کرایہ 20 سے 50روپے کے درمیان ہوگا، مسافروں کے لیے بس اسٹیشن پر جدید لفٹس اور ٹکٹس کے خود کار نظام سمیت اسٹیشنز پر بسوں کی آمد و رفت کی تمام تر تفصیلات ڈیجیٹل اسکرین پر میسر ہوں گی۔بس میں یو ایس بی پورٹس سے لیکر ویل چیئر تک کا مکمل نظام موجود ہے جبکہ اسی منصوبے کے دوسرے فیز میں ٹاور تک بسیں چلائی جائیں گی۔