اسلام آباد (ویب ڈیسک)
اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، پاکستان، اور انہوئی میڈیکل یونیورسٹی، چین، میں طبی تعلیم کے میدان مین تعاون کے لیے معاہد ہ طے پا گیا۔ اس معاہدے کے تحت دونوں اداروں نے پاک چین کراس بارڈرایجوکیشنل ایکسچینج سینٹر قائم کیا ہے تاکہ پاکستان اور چین کے میڈیکل طلبا دونوں ممالک کے اعلی درجے کے میڈیکل پریکٹیشنرز کے تجربے اور مہارت سے مستفید ہو سکیں۔یاسر خان نیازی ، آئی ایم ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر، اور انہوئی یونیورسٹی کے نائب صدر نے جمعہ کواس معاہدے پر دستخط کیے۔چیئرمین آئی ایم ڈی سی ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی نے تختی کی نقاب کشائی کے ساتھ پاکستان چائنا کراس کلچرل ایجوکیشنل ایکسچینج سینٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر دونوں اداروں کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ڈی سی اور انہوئی یونیورسٹی طبی تحقیق میں بھی ایک دوسرے سے تعاون کریں گے تاکہ سائنس اور طب کے شعبوں میں جدید پیش رفت سے فائدہاٹھایا جا سکے۔چین میں پاکستانی سفارتخانے کے سیکنڈ سیکرٹری محمد جنید نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے دونوں اداروں کو تعاون کرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی کا اظہار کیا اور انہوں نے آئی ایم ڈی سی کی سروائیکل کینسر مہم اور پاکستان میں صحت کے شعبہ میں بہتری کے حوالے سے چین کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا۔انہوئی میڈیکل یونیورسٹی کے صدر نے بتایا کہ ادارہ اپنے وجود کے تقریبا 100 سال مکمل کرنے کو ہے اور اس کے ساتھ تدریسی ہسپتالوں کی ایک بڑی تعداد وابستہ ہے جہاں جدید طبی، تحقیقی اور تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہے ہیں۔یاسر نیازی نے میڈیا کو بتایا کہ اس معاہدے نے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے جس میں ہم حکومت سے حکومت، سفارتی اور بنیادی ڈھانچے کے تعاون سے طبی تعلیم، تحقیق اور طلبا کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ڈی سی اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پاکستان کے ہیلتھ کیئر سیکٹر کو تقویت دینے کی ہر ممکن کوشش کر تے رہیں گے۔