سانحہ مری کی تحقیقات سے قبل وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب مستعفی ہوں،لیاقت بلوچ
موسم کی صورتِ حال بھی معلوم تھی تو بڑی تعداد میں سیاحوں کو کیوں جانے دیا گیا
نائب امیر جماعت اسلامی کا بہاولپور اور لاہور میں سیاسی ورکرز کنونشن سے خطاب
لاہور،بہاولپور(ویب نیوز)نائب امیرجماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سانحہ مری کی تحقیقات سے پہلے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب مستعفی ہوں ۔ بہاولپور اور لاہور میں سیاسی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مری میں برفانی طوفان سے جاں بحق ہونے والے سیاحوں کی قاتل وفاقی اور صوبہ پنجاب حکومت ہے،بدانتظامی کی انتہا ہے، وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب قومی مجرم ہیں۔ سانحہ مری حکومت ، انتظامیہ اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ اداروں کی ناکامی کا بڑا المیہ ہے، جب انتظامات نہیں تھے ، موسم کی صورتِ حال بھی معلوم تھی تو بڑی تعداد میں سیاحوں کو کیوں جانے دیا گیا۔ تحقیقات سے پہلے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ بنجاب اپنی ناکامی تسلیم کریں اور مستعفی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت نے ریاست مدینہ نظام دینے کا اعلان کیا عملًا سیکولرازم، بے حیائی ، بدتہذیبی ،مذہبی سیاسی انتہا پسندی کو فروغ دے دیا گیا۔ قومی شیرازہ تار تار ہے، بدانتظامی کی انتہا ہے۔ حکومت نااہلی اور ناکامی کے سامنے انتظامیہ مفلوج ہے۔ قرآن وسنت کی بالادستی، اسلام کا معاشی نظام اور عدالتی ، سماجی، معاشی انصاف ہی مسائل کا حل ہے۔ جماعت اسلامی اسلامی نظریاتی اور عوامی طاقت سے ملک میں عوامی خواہشات کے مطابق نظام نافذ کرے گی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی ، پی پی پی ، بی اے پی عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام اور شفاف انتخابات دینے کے لئے سنجیدہ نہیں، عوام کے حقوق پر غاضبانہ قبضہ مقتدر طبقہ کا ایک ہی مشن ہے۔خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں پی ٹی آئی ناکام ہوئی ۔دوسرے مرحلہ کے انتخابات سے فرار،سرکاری اختیارات فنڈز میرٹ کی پامالی کرتے نوکریاں کرتے مکروہ کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کو سوچے سمجھے منصوبہ کے ساتھ مخر کیا جا رہا ہے۔ سیاسی ، جمہوری ، پارلیمانی جماعتیں آئین،انتخابات، بلدیاتی جمہوری پارلیمانی عمل سے غیر ذمہ دارانہ رویے ترک کریں ورگرنہ ان کا رویہ سیاست،جمہوریت اور انتخابات کی صف لپیٹ دے گا۔انہوںنے کہا کہ عمران خان سرکار آئینی ، سیاسی ،اقتصادی ، سماجی محاذ پر مکمل طور پر ناکام ثابت ہو گئی ، حکومتی رٹ کہیں بھی نہیں ۔ سرکاری ادارے ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔، عوام رل گئے ہیں۔رشوت کرپشن اختیارات کا ناجائز استعمال اور اسٹیٹس کو بدترین شکل اختیار کر گیا ہے۔ حکومت فوری مستعفی ہو، نئے انتخابات کرائے جائیں، حکومت کے خلاف عوامی غصے کاپھٹتا سونامی بڑی تباہی لائے گا۔mk