اسلام آباد سمیت  ملک کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

شہریوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا،کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروںسے باہر آئے

اسلا م آباد(ویب  نیوز)اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے گرد و نواح سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع زلزلے کے جھٹکوں سے لرز گئے۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ سوات، اپردیر، لوئردیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، بالاکوٹ، بٹگرام، تورغر کے اردگرد کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔گلگت بلتستان میں بھی زلزلے کے  جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5 عشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی گہرائی 100کلومیٹر اور مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا۔زلزلے کے باعث شہریوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں، دفاتر اور ضروری کام کاج کو چھوڑ کر باہر نکل آئے، فوری طور پر زلزلے سے کسی جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔اس سے قبل یکم جنوری 2022 اور 31 دسمبر 2021 کو بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے