سپریم کورٹ کے حکم پر متروکہ املاک بورڈ کی 15ارب روپے کی جائیداد واگزار
محکمے کے 21 ملازمین، 4سرکاری حکام اور 81نجی افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں
ڈی جی ایف آئی اے ثنا اللہ عباسی نے پیش رفت رپورٹ عدالت عظمی میں جمع کروا دی
اسلام آباد(ویب نیوز) سپریم کورٹ کے حکم پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے متروکہ املاک بورڈ کی 15ارب روپے کی جائیداد واگزار کروالی، محکمے کے 21 ملازمین، 4سرکاری حکام اور 81نجی افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جا رہے ہیں۔ ڈی جی ایف آئی اے ثنا اللہ عباسی نے پیش رفت رپورٹ عدالت عظمی میں جمع کروا دی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے متروکہ املاک بورڈ کی 15 ارب روپے کی جائیداد واگزار کروالی۔ایف آئی اے نے متروکہ جائیداد کے کرائے کی مد میں 29کروڑ 60لاکھ روپے بھی ریکور کرلیے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 15ارب 73کروڑ کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے کے خلاف کارروائی کی گئی۔رپورٹ کے مطابق 15ارب 2کروڑ 87لاکھ کی جائیداد غیر قانونی قبضے سے واگزار کروائی گئی، متروکہ جائیدادوں کے کرایے کی مد میں 29کروڑ 60لاکھ روپے ریکور کیے گئے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر قانونی قبضے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر 197انکوائریز جاری ہیں، متروکہ املاک کے 21ملازمین، 4سرکاری حکام اور 81نجی افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ عدالتی حکم اور آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی جاری ہے۔