لاہور (ویب ڈیسک)
سابق وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف کے میڈیکل بورڈ نے محکمہ صحت پنجاب کو جواب جمع کرادیا۔میڈیا رپورٹس میں میڈیکل بورڈ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نوازشریف کی صحت کے حوالے سے فراہم کی گئی دستاویزات مکمل نہیں۔ ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی رپورٹس کا جائزہ مکمل کر لیا ہے اور بورڈ نے نوازشریف کی صحت کے حوالے سے مہیا کیے گئے دستاویزات کو ناکافی قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ میڈیکل رپورٹس کے بغیر نواز شریف کی موجودہ صحت پر رائے نہیں دے سکتے۔نوازشریف کی رپورٹس کے بجائے ایک ڈاکٹر کی تحریر بھیجی گئی۔ تحریر کے ساتھ کسی بین الاقوامی ادارے کی میڈیکل رپورٹ نہیں لگی۔ ان کی کارڈیک، تھرابوسائٹوپینیا سمیت دیگر امراض کی رپورٹس ساتھ نہیں بھیجی گئی۔میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کے حوالے سے رپورٹ پنجاب حکومت کو ارسال کر دی۔ واضح رہے کہ حکومت نے 2 جنوری کو نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے شہباز شریف کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد 14 جنوری کو نوازشریف کی طبی رپورٹس کا جائزہ لینے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔