کورونا کیسز میں اضافہ،اسلام آباد کے مزید 9 تعلیمی ادارے سیل کرنے کا فیصلہ
اسلا م آباد(ویب نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ کے باعث مزید 9 تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈی ایچ او اسلام آباد نے تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔اس حوالے سے ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے ڈپٹی کمشنر کے نام مراسلہ لکھ کر آگاہ کیا ہے اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز، ایف سکس ون میں کورونا کے 2، ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون 2 میں کورونا کے 4 جب کہ اسلام آباد کالج فار گرلز ایف سکس 2 میں کورونا کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز جی سکس 2 میں کورونا کے 2، اسلام آباد ماڈل سکول فار بوائز آئی ایٹ 4 میں کورونا کے 2 اور اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون 4 میں کورونا کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔مراسلے کے مطابق اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز ماڈل ٹاون ہمک میں کورونا کے 2، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز راول ٹاون میں کورونا کے 3 جب کہ اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز، آئی ٹین 4 میں کورونا کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وفاقی انتظامیہ متاثرہ تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند کرے اور انتظامیہ متاثرہ تعلیمی اداروں میں کونٹیکٹ ٹریسنگ کے ساتھ ساتھ ٹیسٹنگ کرے۔ وفاقی انتظامیہ پازیٹیو طلبا،طالبات کیقریبی افرادکے ٹیسٹ کرائے۔دو روز قبل بھی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ 2کالجوں میں کورونا کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں بند کر دیا گیا ہے،واضح رہے کہ اسلام آباد میں سیل ہونے والے تعلیمی اداروں کی تعداد 17 ہو گئی۔